بیدر کے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کا مطالبہ

بیدر۔21 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد غوث قریشی صدر انجمن مساجد و قبور بیدر محمد ابراہیم جنرل سکریٹری انجمن تحفظ مساجد و قبول نے جناب قمر الاسلام ریاستی وزیر داخلہ اوقاف و اقلیتی بہبود کے بیدر دورہ کے دوران انجمن تحفظ مساجد ‘ قبول ضلع بیدر کی جانب سے ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہیکہ بیدر شہر کے مختلف علاقوں میں درگاہوں ‘خانقاہوں ‘ قبرستانوں اور مساجد ‘ دینی درسگاہوں کے تحت موجود قیمتی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ فی الفور سخت و مؤثر اقدامات کو روبہ عمل لاتے ہوئے کیا جائے ۔یادداشت میں انہوں نے بتایا کہ ضلع وقف کمیٹی انتہائی سست ہے ان سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کام نہیں ہوپارہا ہے ‘ لاکھوں روپیوں مالیت کی قیمتی اوقافی املاک کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ کئی مقامات پر قبور مسمار کر کے غیر قانونی طریقہ کار سے فروخت شدہ پلاسٹ پر مکانات کی دیدہ دلیرانہ تعمیر کی جارہی ہے ۔ اس غیر قانونی تعمیر پر محکمہ بلدیہ اور ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے یادداشت میں مختلف اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے اور وزیر موصوف سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے بیدر شہر کی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کیا جائے ۔ یادداشت قبول کرتے ہوئے جناب قمر الاسلام نے تیقن دیا کہ یادداشت میں شامل مطالبات پر عمل کرنے اوقافی عہدیداران کو حکم دیاجائے گا ۔