بیدر- پی یو سی کے امتحانات

بیدر۔ 11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ دنوں قومی شاہراہ نمبر 9 پر گنا کسانوں نے احتجاج منظم کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی سی جعفر نے قومی شاہراہ نمبر 9 پر پہنچ کر کسانوں کے مطالبات کو دیکھتے ہوئے کہا کہ آپ کے مطالبات کو لے کر ہائیکورٹ میں معاملہ ہے اور ہائی کورٹ کسانوں کے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔ کورٹ کا حکم آتے ہی جو رقم طئے کی جائے گی، وہ ضرور لائی جائے گی۔ کرناٹک راجیہ رعیت سنگھ کے ذریعہ اپنے کھیتوں میں اگائے گئے گنوں کو فی ٹن 2,650 روپئے دینے کا مطالبہ کررہے کسانوں سے رعیت سنگھ کے ریاستی صدر چامراج مالی پٹیل نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ہو یا ریاستی سرکار کا کوئی نمائندہ کل تک نہیں آیا تھا، آج آئے ہیں۔ میں نے دو تین دنوں کے بعد کارخانوں کے مالکین کا اجلاس طلب کرکے ان سے بات کروں گا اور آپ کو بتاؤں گا کہ آگے کیا کرنا ہے۔ ہمارا احتجاج یہاں ختم نہیں ہوا، ہمارا احتجاج چلتا رہے گا۔ اس ضمن میں ہمناآباد کے رکن اسمبلی راج شیکھر پاٹل نے کسانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن رک جاؤ، اس کے بعد اس کا حل نکل جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر جشی بارانی بھی موجود تھیں۔ ہمنا آباد کے مضافات میں واقع چیک پوسٹ کے سامنے نیشنل ہائی وے نمبر 9 پر صبح 10 بجے سے یہ احتجاج منظم کیا گیا۔ لگ بھگ 4 گھنٹے تک راستہ روکو احتجاج منظم کرنے پر عوام کو پریشانیوں کا شکار ہونا پڑا۔ اس موقع پر ضلع جے ڈی ایس صدر نسیم پٹیل، ریاستی رعیت سنگھ قائد ملیکارجن سوامی، رعیت سنگھ کے ضلع صدر وشواناتھ پاٹل، معین الدین لاڈجی وغیرہ نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

٭ پی یو سی سیکنڈ ایئر کے امتحان 12 سے 27 مارچ تک منعقد ہوں گے۔ ضلع بیدر میں 29 امتحان سنٹرس قائم کئے گئے ہیں اور ضلع بیدر میں جملہ 17,250 طلباء امتحان میں حصہ لیں گے۔ آرٹس شعبہ میں 8,363 طلباء سائنس شعبہ میں 6,721 طلباء اور کامرس شعبہ میں 2,166 طلباء امتحان دیں گے۔ پری یونیورسٹی محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایم کے گادگے نے آج بتایا کہ جملہ طلباء میں بیدر تعلقہ میں 7,247 بھالکی تعلقہ میں 2,743 ہمناآباد تعلقہ میں 3,327، بسواکلیان میں 2,775 اور ادتعلقہ میں 1,168 طلبہ شامل ہیں۔ ضلع بیدر میں 29 امتحانی سنٹرس ہیں۔ بیدر تعلقہ حدود میں 10 ہمناآباد تعلقہ میں 7 بھالکی تعلقہ میں 5 بسواکلیان تعلقہ میں 4 اور ادتعلقہ میں 3 امتحانی سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی سنٹرس کے آس پاس 200 میٹرس حدود میں امتناعی احکامات دفعہ 144 نافذ رہے گا۔ امتحان کے دوران نقل نویسی کی روک تھام کیلئے ہر تعلقہ کیلئے ایک ویجیلنس اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں 3 افراد شامل رہیں گے۔

٭ غیرموسمی بارش کے سبب ضلع بیدر میں بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔ کسانوں میں نقصان کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ یہ مطالبہ کرناٹک راجیہ رعیت سنگھ کے ضلع صدر وشواناتھ پاٹل کوٹھا نے چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدا رامیا کے نام ایک یادداشت روانہ کرکے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے غیرموسمی بارش اور برفباری کے سبب تور، سفید جوار، کرڑ اور دوسری فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں۔ ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ فوراً سروے کروائے اور حکومت کو رپورٹ روانہ کریں۔ ہمناآباد تعلقہ دلت سنگھرش سمیتی کے کنوینر پرکاش نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ غیرموسمی بارش سے ہوئے فصلوں کے نقصان کا سروے کرکے حکومت کو رپورٹ روانہ کی جائے اور جلد سے جلد کسانوں میں نقصان کا معاوضہ ادا کرنے اقدامات کئے جائیں۔