بیدر /22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ الحاج سید منصور احمد قادری انجینئر معتمد خادم الحجاج ضلع بیدر کی پریس نوٹ کے بموجب گُلبرگہ ‘ بیدر اور یادگیر کے تمام عازمین حج کا دو روزہ ڈیویژنل سطح کا حج تربیتی کیمپ 26 اور 27 ؍جولائی کو بروز اتوار اور پیر بمقام کے ایم زیڈ فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس ڈیویژنل سطح کے حج تربیتی کیمپ میں کرنا ٹک کے معروف وتجربہ کار حج ٹرینر جناب اعجاز صاحب کے اے ایس پروجیکٹر کے ذریعے مقامات مقدسہ اور وہاں درپیش تمام حالات اور مشکلات سے واقف کرواتے ہوئے نہایت سہل انداز میں ارکان حج کی ادائیگی اور روضہ اقدس ؐ پر حاضری ‘ روانگی سے لے کرواپسی تک کی تمام تفصیلات ‘ قیام وطعام اور سواریوں کی ترتیب نیز سفرحج کی مکمل معلومات بالخصوص لاجسٹک ایشوز پر سیر حاصل معلومات فراہم کریں گے اور بنگلور کے مشہورعالم دین مولانا لطف اُللہ صاحب رشادی مناسک حج اور اس کی تمام تفصیلات پر شرعی مسائل کو قرآن و حدیث کی روشنی میں ترتیب وار بیان کریں گے ۔ الغرض یہ دو روزہ حج تربیتی اجتماع تمام عازمینِ حج کیلئے سفرِ حج میں آسانی اور اس کی صحیح طور پرادائیگی کیلئے نہایت ہی مفید ثابت ہوگا ۔ اس کیمپ میں شرکت کیلئے بیدر کے عازمین حج سہولت کی خاطر انجمن خادم الحجاج کی جانب سے بس کا انتظام کیا گیا ہے ۔جناب سید منصور احمد قادری نے مزید بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین حج کو ٹیکہ اندازی اور پولیو کی دوا لینا بھی ضروری و لازمی ہے ‘جس کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے 28 جولائی کا اعلان کیا ہے ۔ ضلع بیدر کے تمام عازمینِ حج کو 28 جولائی کو دفتر انجمن خادم الحجاج موقوعہ متصل جامع مسجد نزد چوبارہ بیدرتشریف لائیں ‘جہاں پر انھیں نہ صرف پولیو کی خوراک اور ٹیکہ اندازی دی جائے گی بلکہ حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ‘ لگیج بیاگ بھی وہیں پر دئیے جائیں گے ۔ ایسے میں تمام عازمین حج کو لازم ہے کہ وہ اپنے ساتھ حج کمیٹی آف انڈیا کا کنفارمیشن لیٹر اور لگیج سلپ ضرور لائیں ۔مزید تفصیلات کیلئے دفتر انجمن اوقات کار میں رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔