بیدر میں کونسل کے کانگریس امیدوار کامیاب

وجئے سنگھ کو بی جے پی امیدوار سنجے کھینی سے 370 ووٹوں کی اکثریت

بیدر۔/30ڈسمبر،  ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیدر حلقہ قانون ساز کونسل سے مسٹر وجئے سنگھ کانگریس امیدوار نے 1370 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ قانون ساز کونسل حلقہ بیدر کے انتخابات کی آج رائے شماری بیدر شہر کے بی وی بی کالج میں ہوئی۔ رائے شماری کے دوران3581 ووٹوں میں 3330 ووٹوں کو درست قراردیا گیا جبکہ 245 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔ کانگریس امیدوار مسٹر وجئے سنگھ نے 2329 ووٹ حاصل کئے۔ بی جے پی کے مسٹر سنجے کھینی نے259ووٹ حاصل کئے۔ جنتا دل ( ایس ) مسٹر سبیا ریڈی نے صرف 30ووٹ حاصل کئے جبکہ این ڈی پی کے امیدوار نے 7اور ایک آزاد امیدوار نے 5ووٹ حاصل کئے اور 6 ووٹ نوٹا کی نذر ہوئے۔ کانگریس کے امیدوار مسٹر وجئے سنگھ نے 2329 ووٹ حاصل کرکے بی جے پی کے امیدوار سنجے کھینی سے جملہ 370ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیاب قرار دیئے گئے۔ جیسے ہی رائے شماری مرکز سے نتیجہ کا اعلان کیا گیا کانگریس حلقوں میں مسرت کی لہر دیکھی گئی۔ کانگریس کارکنوں نے دھرم سنگھ زندہ باد، رحیم خان اور کانگریس زندہ باد کے نعرے لگائے اور آتشبازی کی گئی۔ کامیاب امیدوار مسٹر وجئے سنگھ کو رائے شماری مرکز سے جلوس کی شکل میں مختلف شاہراہوں سے امیڈکر سرکل بیدر لایا گیا جہاں آتشبازی کے ساتھ ساتھ نعروں کی گونج میں شرینی تقسیم کی گئی۔ مسٹر وجئے سنگھ نے تمام رائے دہندوں اور پارٹی کے تمام ذمہ دار قائدین و کارکنان اور بہی خواہوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کر محنت و جدوجہد کیا ، میرے حلقہ انتخاب کی ترقی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی جناب محمد رحیم خان، اروند اڑلی، عبدالمنان سیٹھ، شیخ حاجی، محمد ارشاد علی پہلوان، احسن کمال پرویز، ایم اے سمیع، محمد عزیز خان، محمد غوث رکن بلدیہ بیدر و دیگر کانگریس کارکنان و قائدین موجود تھے۔