بیدر میں پانی کی قلت کا مسئلہ برقرار

بیدر۔/22جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر بیدر میں یپنے کے پانی کا مسئلہ برقرار ہے۔ گذشتہ پانچ مہینوں سے ہر 15دن میں ایک مرتبہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ گذشتہ پندرہ دنوں سے موٹر کی درستگی کے نام پر پانی کی سپلائی بند ہے۔ عوام کو پانی خرید کر استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ خانگی فی ٹینکر 350 روپئے پانی فروخت ہورہا ہے جبکہ 25لیٹر پانی کا کیان 40روپئے میں فروخت ہورہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چدری پمپ ہاؤس سے پانی لاکر 25لیٹر کے کیان میں ڈال کر فروخت کیا جارہا ہے۔ بلدیہ بیدر اور واٹر سپلائی کے ذمہ دار پانی مسئلہ کو حل کرنے توجہ دینے تیار نہیں ہیں۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر بیدر اور کمشنر بلدیہ بیدر کو چاہیئے کہ بیدر میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے توجہ دیں اور جلد سے جلد اقدامات کریں۔ برقی موٹر درست کرنے کیلئے آخر کتنا وقت درکار ہوگا؟۔ بار بار موٹر کی خرابی کا بہانہ بناکر پانی کی سپلائی کو بند کیا جاتا ہے۔ موسم گرما ختم ہوا اور ماہ رمضان گذررہا ہے اس کے باوجود عوام کو پانی نہیں مل پارہا ہے۔ ایسا معلوہوتا ہے کہ محکمہ واٹر سپلائی اور بلدیہ بیدر کو حکومت یا عہدیداروں کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ علاوہ ازیں شہر بیدر میں صفائی کا انتظام نہ ہونے کے برابر ہے۔ نالیوں میں جمع گندہ پانی راستوں پر آرہا ہے۔ تھوڑی سی بارش ہوجاتی ہے تو پوری گندگی راستوں پر آجاتی ہے۔ گندگی کے سبب مچھروں کی کثرت ہوگئی ہے۔ وبائی امراض کے پھیل جانے کا خدشہ ہے۔ اس ضمن میں بلدیہ بیدر کے ذمہ داروں کو چاہیئے کہ صفائی اقدامات پر توجہ دیں۔