بیدر 4 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) احاطہ گردوارہ نانک جھرہ صاحب بیدر میں پنتھ رتن سری سردار جوگا سنگھ شہید کی یوم پیدائش تقریب روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ اس موقع پر احاطہ گردوارہ پر کیرتن اور اکھنڈ پاٹ کی سماپتی کے بعد جوگا سنگھ میموریل پارک پر دعائیہ اجتماع منعقد ہوا سردار ہرپالی سنگھ ہیڈ گرنتی نے ارواس کیا۔ ابتداء سردار جوگا سنگھ کی یادگار پر سردار بلبیر سنگھ صدر پریندھک کمیٹی نے گلہائے عقیدت نچھاور کئے ۔ افراد خاندان کے محترمہ ریشماں کو ر سردار پونیت سنگھ ،سردار پریت سنگھ اور محترمہ پرتیم کور کے علاوہ سردار گیانی دربارا سنگھ سردار نونہال سنگھ ،سردار پریتم سنگھ ،سردار درشن سنگھ ،سردار من پریت سنگھ ،سردار ایم ایس جوہر ،محترمہ عارفہ ہادی اور قیصر رحمان صحافی کے علاوہ ٹرسٹی حضرات گردوارہ پربندھک کمیٹی معزز اسٹاف گرونانک ہاسپٹل لیکچرار گرونانک تعلیمی ادارہ جات ،اسٹاف گرونانک جھرہ ،اساتذہ طلبا اور طالبات نے خراج عقیدت پیش کیا ۔ اکھنڈ پاٹ کی سماپتی کے بعد گرو کے لنگر کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں مرد و خواتین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر نشیلی ادویات کے خلاف میراتھن دوڑ کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی رکن اسمبلی شری گرپد اپا ناگماری پلی کے علاوہ اساتذہ طلباء و طالبات خواتین و حضرات معززین شہر وکلاء صحافی اور کالجس کے ذمہ داران نے حصہ لیا ۔ میرا تھن دوڑ شہر کے اہم راستوں سے گذرتی ہوئی گرونانک گیٹ کے داخلہ پر اختتام ہوئی ۔
اسی دوران گرونانک انڈیپنڈنٹ پی یو کالج کے قیام کے 25 سال کی تکمیل پر رنگا رنگ سلور جوبلی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر سی رینو کا پرساد وائس چانسلر آف کے وی ایس ایف یونیورسٹی بیدر مہمان خصوصی اور مسٹر کے بی پوناچہ سابق ڈپٹی سکریٹری ممبئی اور اجیت رام راو نے مہمانان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے حصول تعلیم کی اہمیت اور بہترین اخلاق کے موضوع پر تفصیلی تقاریر کیں ۔سردار بلبیر سنگھ صدر گرونانک جھرہ صاحب فاونڈیشن کی زیر صدارت شری بنڈپا قاسم پور کو سابق وزیر اور جناب رحیم خاں سابق رکن اسمبلی بیدر نے تقریب ہذا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔محترمہ ریشمی کور نائب صدر گرونانک تعلیمی ادارہ جات نے اس موقع پر مہمانوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 25 سالہ تکمیل پر سلور جوبلی تقریب منعقد ہوئی ہے انہوں نے بتایا کہ پی پی کالج سمیت ابتدائی حالات دشوار کن مراحل سے گذارے ہیں لیکن ہمیں اس کا کوئی دکھ نہیں ہے کیونکہ واہ گرو کی کرپا اور عوام کے تعاون کی بدولت جہاں ہمارے معیاری مقام حاصل کررہے ہیں وہاں ہمارے ادارے پھل پھول رہے ہیں ۔
ریشماں کور نے بتایا کہ بیدر کے ضلع بیدر میں تعلیم کے میدان میں آنجہانی سراد جو گا سنگھ کی مثالی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ سردار پریتم سنگھ سابق پولیس کمشنر حیدرآباد و ٹرسٹی نے اپنی تقریر میںفاونڈیشن ہذا کے تعلیمی ادارہ جات کو نمایاں مقام دلانے کے سلسلہ میں انجام دی گئیں۔ ریشماں کور اور سردار بلبیر سنگھ کی مخلصانہ خدمات کو خراج پیش کیا ۔ سردار نونہال سنگھ نے بھی مخاطب کیا ۔ سردار جوگا سنگھ کی تصویر کو گلہائے عقیدت پہنانے کے بعد جلسہ کا آغاز ہوا ۔ سردار بلبیر سنگھ ،محترمہ ریشماں کور ،رحیم خاں اور بنڈپا قاسم پور کے ہاتھوں مختلف شعبہ جات میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر سلور جوبلی کی مسرت میں ایک خوبصورت میگزین جاری کیا گیا ۔ مس پونم کورنے بھی مخاطب کیا ۔ پلے بیک سنگر راجہ حسین اور فلم ایکٹرس پونم کور نے کلچر پروگرام پیش کیا ۔ رات دیر گئے تہذیبی پروگرام اختتام کو پہنچا ۔