بیدر میں حج تربیتی کیمپ کا اہتمام

بیدر۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معتمد انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کی اطلاع کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے منظورہ ڈیویژنل لیول حج تربیتی کیمپ 9اور 10اگسٹ بروز ہفتہ اور اتوار بمقام کے این زیڈ فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقد ہوگا۔ مذکورہ دو روزہ تربیتی اجتماع بروز ہفتہ صبح دس بجے شروع ہوکر دوسرے دن اتوار شام 5بجے اختتام پذیر ہوگا۔ اس دوران عازمین کے مکمل قیام و طعام کے انتظامات، ٹریننگ حج کیمپ کمیٹی گلبرگہ کے زیر اہتمام مسلمانان گلبرگہ کی جانب سے رہے گی۔ عازمین حج سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ تربیتی کیمپ میں کسی غیر عازم کو نہ لائیں۔ عازم چاہے ضعیف العمر ہو یا معذور خواہ مرد ہو کہ عورت ہر ایک کیلئے کیمپ میں کمیٹی کے افراد موجود رہیں گے۔ مولانا رحمت اللہ رشادی شرعی مسائل اور مناسک حج کی تفصیل بتائیں گے۔ ممتاز حج ٹرینر الحاج اعجاز احمد (KSA) اپنے منفرد انداز میں ویژول شاٹس کے ذریعہ مقامات اور حالات کو اسکرین پر پیش کرتے ہوئے مشاہداتی تربیت دیں گے۔ گلبرگہ جانے کیلئے انجمن خادم الحجاج صلع بیدر کی جانب سے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے جس کی اڈوانس بکنگ 6اگسٹ سے اوقات کار میں جاری ہے۔ عازمین سے گذارش ہے کہ وہ انفرادی طور پر جانے کے بجائے تربیت کا آغاز یہیں سے کریں۔