بیدر میں جرائم و حادثات

بیدر۔/25مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ کے آئی جی پی ڈاکٹر سریش نے بسوا کلیان کا دورہ کیا، گذشتہ ہفتہ جمعہ کے دن راجیشور میں ایک خاتون کا نامعلوم افراد نے قتل کرکے ثبوت مٹانے کے مقصد کے تحت نعش کو ودیا پیٹھ روڈ پر پھینک دیا تھا۔ آئی جی پی نے اس واقعہ کے تعلق سے معلومات حاصل کی ۔ بعد ازاںبسوا کلیان میں تعمیر کئے جارہے پولیس رہائشی کوارٹرس کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی بیدر مسٹر سدھیر کمار ریڈی ہمنا آباد کے ڈی ایس پی مسٹر امرناتھ ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔
٭٭ پیٹ کے درد سے پریشان 23سالہ سیتا زوجہ نرسنگ نے زہر پی کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ ہمنا آباد تعلقہ کے شیڈول گاؤں میں پیش آیا۔ اس تعلق سے ہمنا آباد ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔
٭٭ یوسف ولد معین الدین بگدل متوطن سونی آئسکریم فیکٹری کے قریب شنگمیشور کالونی بیدر نے مکان کو قفل ڈال کر افراد خاندان کے ساتھ ٹھانہ کشنور کے قریب واقع درگاہ گئے تھے کہ نامعلوم سارقوں نے مکان کا قفل توڑ کر 4لاکھ23ہزار روپئے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات کا سرقہ کرلیا۔ 22مئی کو صبح واپس آنے پر سرقہ کا پتہ چلا۔ اس تعلق سے گاندھی گنج پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
٭٭ مہاراشٹرا کے دیونی سے بیدر ضلع کے اوراد تعلقہ بالورگاؤں میں ایک آٹو میں غیر قانونی طور پر منتقل کی جارہی دیسی شراب کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ 8کارٹن شراب کی مالیت 9ہزار روپئے بتائی گئی ہے کمال نگر پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی اور پولیس ملازمین نے چک مورگی کراس کے قریب دھاوا ڈال کر شراب اور آٹو رکشہ کو ضبط کرلیا ہے۔ اس تعلق سے کمال نگر پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔
٭٭ اوراد تعلقہ کے جیرگہ ( بی ) گاؤں میں ریورند ویجناتھ نامی 40سالہ شخص نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی بیٹی کی شادی 28مئی کو مقرر ہے۔ شادی کے لئے رقم نہ ہونے اور قرض بھی حاصل نہیں ہوسکا اس طرح ذہنی کشمکش کا شکار دیویندر نے کل صبح اپنے کھیت میں درخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔