بیدر میں جرائم و حادثات

بیدر ۔ 24 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک لڑکی کی عصمت دری کر کے قتل کرنے کی مقدمے میں ملزم کو ڈسٹرکٹ سیشن جج نے موت کی سزاء سنائی ۔ بھالکی تعلقہ کے موضع تلواڑ ( ایم ) کے متوطن جیوتی بامہاراج نامی 35 سالہ شخص کو موت کی سزاء سنائی گئی ہے ۔ 11 نومبر 2012 ء کو یہ واقعہ پیش آیا تھا ۔ لڑکی کے والد کی شکایت پر بھالکی کے ڈی ایس پی مسٹر ڈی ایس مالکوتی کی نگرانی میں تحقیقات کا آغاز کیا ۔ اس وقت کے بھالکی رورل پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر اور موجودہ لوک آیوکت ڈی ایس پی مسٹر ایس جی کلی گوڈا نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ اس مقدمے کی سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ سیشن جج ڈاکٹر ششی کلا نے ملزم کو موت کی سزاء سناتے ہوئے فیصلہ دیا ۔ اس مقدمے میں پبلک پراسیکویٹررام چندرلمبانی نے پیروی کی ۔
٭٭ اوراد تعلقہ کے وڈگاؤں کے قریب ایک موٹر سیکل کو تیز رفتار لاری کے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں بھیما کشن نامی 35 سالہ شخص ہلاک ہوا ۔ اس تعلق سے سنت پور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔
٭٭ بیدر تعلقہ کے موضع اوراد ( سرسی) میں سنجیوریڈی چناریڈی کے ہوٹل میں غیرقانونی طور پر شراب فروخت کی جارہی تھی ۔ بگدل کے پی ایس آئی مسٹر ایم ایس تانپا گوڑا اور پولیس ملازمین نے دھاوا ڈالکڑ ملزم سنجیوریڈی 49 سال متوطن اوراد ( سرسی ) کو گرفتار کر کے ہوٹل میں موجود 3025 روپئے مالیت کی شراب اور 3050 روپئے نقد ایک موبائل فون جس کی قیمت ایک ہزار روپئے ہے ضبط کر لیا ۔ اس تعلق سے بگدل پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔
٭٭ آندھراپردیش کی سرحد پر واقع موضع راجولہ میں سندھی پی کر پیدل آرہے بیدر کے ملیکارجن امریپا نامی شخص کو نامعلوم موٹر سائیکل نے ٹکردے دی جس کو بیدر کے سرکاری دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں کل رات اس کی موت واقع ہوگئی ۔ اس تعلق سے مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔
٭٭ ہیروہونڈا موٹر سائیکل نمبر KA38K8551 پر محمد یونس ولد محمد علی 22 سال گاندھی نگر میلور ، حبیب ولد ایس متوطن درگاہ خواجہ ابوالفیض نواز ولد نصیر میاں متوطن غریب کالونی ، بیدر ، موٹر سائیکل پر ظہیرآباد سے بیدر آرہے تھے کہ ظہیر آباد روڈ پر وڈی کر اس کے قریب جیپ نمبر KA38M-440 کے ڈرائیو محمد قیوم متوطن گاندھی نگر میلور بیدر نے ٹکردے دی جس کے نتیجہ میں محمد یونس اور موٹر سائیکل پرسوار دوسرے 2 افراد شدید زخمی ہوئے ۔ زخمی 2 افراد کو زائد علاج کیلئے عثمانیہ دواخانہ حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا جہاں 20اپریل کی رات حبیب والد ایس شاہ متوطن ابوالفیض درگاہ کی موت ہوئی اس تعلق سے مارکیٹ پولیس اسٹیشن بیدر میں کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔