بیدر میں تقریب تکمیل حفظ قرآن مجید

بیدر۔یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حفظ قرآن مجیدکرنے والے خوش نصیب طلباء کے والدین کو اﷲ تعالیٰ ان کے سروں پر ہیرے جوہرات ،یاقوت و زمرود کا تاج پہناکر فرشتوں کو حکم دیتا ہے کہ ان کا شاندار استقبال کرتے ہوئے جنت میں لے جاؤ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سیّد سراج الدین نظامی بانی وناظم جامعہ روضۃ البنات ،علی باغ بیدر میں جامعہ ہذا میں ًمنعقدہ تقریب تکمیل حفظ قرآن مجیدکو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔مولانا نے مدرسہ جامعہ روضۃ البنات میں حفظ القرآن مجید کی تکمیل کرنے والی طا لبہ منزہ تحریم کے والد جناب احمد مظفر الدین جاوید کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے ہی خوش نصیب ہیںکہ آپ نے اپنی دختر کو قرآن کی تعلیم دی ۔ اس موقع پر مولانا محمد مجیب الرحمن نظامی اُستاذ جامعہ ہذا نے طالبہ منزہ تحریم اور جناب احمد مظفر الدین جاوید کی گلپوشی کی۔ جناب کمال الدین شمیم ، جناب اقبال احمد خان (قطب) سابق رکن بلدیہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور گلپوشی فرمائی، مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی بانی ناظم جامعہ معھد انوارالقرآن بیدر شاخ جامعہ نظامیہ ، مولانا محمد فیاض الدین نظامی ،مولانا عظیم احمد قادری انواری نظامی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مولانا مجیب الرحمن نظامی اور طالبہ منزہ تحریم اورجناب احمد مظفر الدین جاوید کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے دعا فرمائی۔جناب عبدالرحمن منتظم جامعہ روضۃ البنات نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور اظہار تشکر کیا۔