بیدر۔30 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدارپر آنے کے ساتھ ہی قومی سطح پر بھارتیہ جنتا پارٹی میں عہدیداروں کو تبدیل کیا جارہا ہے ۔ ریاست اور قومی سطح پر مختلف عہدوں پرکام کرنے والے مختلف افراد اس وقت مرکزی وزیر بن گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی عہدے خالی ہوگئے ہیں ۔ ان عہدوں پر پارٹی کے دوسرے لیڈرس کو نامزد کیا جائے گا ۔ آنے والے دو تین ہفتوں کے اندر ریاست اور قومی سطح کے عہدیداروں کو تبدیل کیا جائے گا ۔ بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ قومی جنرل سکریٹری ترجمان اور دوسرے عہدے خالی ہیں ۔ ایک شخص کو ایک عہدہ اصول پر عمل کیا جائے گا ۔ پارٹی کے جو عہدیدار مرکزی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں وہ عہدے چھوڑدیں گے ۔ ریاست کرناٹک میں بھی اہم تبدیلی ہوئی ۔ اننت کمار جو پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری تھے مرکزی کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں ۔ اس عہدے پر سابق منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یدی یورپا کو جنرل سکریٹری کا عہدہ دیا گیا تو پارٹی مزید مضبوط ہوگی ۔