بیدر میں انسٹی ٹیوٹ آف راہ ہدایت کا اجلاس

بیدر۔30 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قرآن مجید میں سوہ آل عمران کی آیت نمبر 110 میں اللہ تعالیٰ نے اُمت مسلمہ کو خیرامت کے لقب سے نوازا ہے اور ساتھ میں اُمت مسلمہ کی ذمہ داری بھی بتاتے ہوئے فرمایا کہ تم نیکی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے روکتے ہو اللہ کے اس فرمان کی رو سے نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ۔اس ذمہ داری کے احساس کو ہمیں پھر سے اپنے اندر پیدا کرنا ہے ۔ حضورﷺ کی دعوتی سرگرمیوں کو اپنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محمد ایس امین ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف راہ ہدایت سے انسٹی ٹیوٹ کے ایک اجلاس سے کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسی بنیادی مقصد ( نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا) کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف راہ ہدایت کا قیام عمل میں آیا اور اس کے تحت مختلف سرگرمیوں جیسے ذیلی اسلامک SMS سرویس ‘ آن لائن اسلامک کورس ‘ اسلامک انفارمیشن سنٹر مالی ‘ میگزین ای ‘ لائبریری چلائے جارہے ہیں ۔ اجلاس کے شروعات میں جوائنٹ ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف راہ ہدایت ڈاکٹر تمنا ارم نے انسٹی ٹیوٹ کے مقاصد اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی ۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ کے تمام ممبران اور دیگر مہمان شریک تھے ۔ مہمانوں نے انسٹی ٹیوٹ آف راہ ہدایت کی سرگرمیوں کو سراہا اور ذمہ داران کے حق میں دعائے خیر کی ۔