بیدر میں اقلیتی تعلیمی ادارے ترقی کی طرف گامزن

ٹاپرس طلبہ کی تہنیتی تقریب سے ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ تعلیم ایس ڈی کامبلے کا خطاب
بیدر۔14؍جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حالیہ کچھ عرصہ کے دوران مسلم اقلیتی تعلیمی ادارے زمانے کی نبض کو محسوس کرتے ہوئے بالعموم ریاست کرناٹک میں بالخصوص بیدر میں ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ مسلمانوں میں اس طرح کا رحجان خوش آئند بات ہے‘اور میرے لئے بڑی مسرت کا مقام ہے۔ان خیالات کا اِظہار ضلع بیدر کے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیمات عامہ نے کیا۔موصوف ضلع بیدر کے مختلف مقامات پر قائم تعلیمی اداروں سے جاریہ سال فارغ ٹاپرس طلبہ و طالبات کی تہنیتی تقریب کو مُخاطب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد الامین ڈسٹرکٹ کمیٹی بیدر کی جانب سے کیا گیا تھا ۔انھو ںنے اپنے خطاب کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے اگرچیکہ ضلع بیدر ریاست کرناٹک کے سب سے اوپر واقع ہے لیکن یہاں کے تعلیمی ادارے بالخصوص مسلم تعلیمی ادارے اور طلبہ جس طرح معیاری نتائج کا مُظاہرہ پیش کررہے ہیں اور مُختلف اعلی تعلیمی اداروں اور پیشہ ورانہ کورسیس میں داخلہ حاصل کررہے ہیں اس سے مستقبل میں جغرافیائی کے علاوہ تعلیمی اعتبار سے بھی ضلع بیدر کا مقام سب سے اوپر ہوگا۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ پی یو ایجوکیشن مسٹر ایس ڈی کامبلے نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اپنے مُختصر خطاب میں اس سال اچھے نتائج لانے پر ضلع بیدر بالخصوص الامین ادارہ جات کے صدر معلمین و اساتذہ اور کالج کے پرنسپالس و لیکچررس اور طلبہ کا ان کی سعی جملہ کا شکریہ ادا کیا۔ الامین ایجوکیشنل کمیٹی بنگلور کے اعزازی سکریٹری جناب سبحان شریف نے بنگلور سے راست آڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مُخاطب کیا۔حافظ شمس الہدی کی قرا ء تِ کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جناب عبدالرزاق شریکِ معتمد الامین ڈسٹرکٹ کمیٹی کے مہمانان اور شرکاء کا استقبال کیا۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض جناب سید محبوب علی اعزازی سکریٹری نے انجام دئیے ۔اور ابتداء میں تعارفی کلمات بھی پیش کئے ۔آخر میں ڈاکٹر عبدالقیوم معزز رکن کمیٹی کے اِظہارِ تشکر پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔جلسہ میںاساتذہ ‘طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ الامین ڈسٹرکٹ کمیٹی اور الامین اداروں کی مُختلف مقامی کمیٹیوں کے ذمہ داران اور عہدیداران نے شرکت کی۔