بیدر میں اردو خطاطی کلاسیس

بیدر:7مئی (ای میل ) نقطہ، دونقطے ، خمیدہ ، آڑا خمیدہ اور مدبر کو بتاتے ہوئے جناب محمد شجیع الرحمن صدر انجمن خوشنویساں بیدر نے بتایاکہ الف تین خط کا ہوتاہے ، اوراس کو لکھنے کے لئے قلم کو تھوڑا خمیدہ کرکے پکڑنا چاہئیے۔ الف کا اوپر کاحصہ باریک، پھر موٹااور آخر میں مزید باریک لکھاجائے گا۔یہ بات ایم آرپلازا ، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں 10روزہ گرمائی تعطیلاتی ’’مفت اردوکلاسیس‘‘ میں اردو خطاطی کی کلاس لیتے ہوئے طلباء سے کہی۔ انھوں نے مزید بتایاکہ تمام حروف کو لکھنے کاطریقہ جیومیٹریکل ہے۔ پنسل سے لائننگ ڈال کر لکھنا ہوگا۔ ب، چار خط کا ہوتا ہے، فنِ خطاطی میں ج کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔ یہ 14شکلیں بنانے میں مستعمل ہوتاہے۔ س میں دوشوشے آنا چاہئیے۔ پہلا شوشہ چھوٹا اور دوسرا ڈیڑھ گنا اور پھر اس کے بعد دائرہ بنایاجائے۔ موصوف نے اس موقع پر خطاطی کی پتیاں بتائیں اور کہاکہ یہ سات پتیاں ہوتی ہیں ۔ اور جب کبھی خطاطی کرنی ہوگی ذہن کویکسو رکھنا چاہئے ورنہ ارد وخطاطی ممکن نہیں ۔ اس موقع پر انھوں نے طلباء میں اردوخطاطی کا چارٹ بھی تقسیم کیا۔ یاران ادب، بزم غزالاں ، دارالخیریونانی دواخانہ ، این آرآئیز اردواکیڈمی ، مولانا ابوالکلام آزادیووک سنگھ اور ایس کے ایف ٹریڈرس کی جانب سے ’’مفت ارد وکلاسیس‘‘ شہر کے چار مقامات پر لی جارہی ہیں ۔ جو کوئی بہ ضابطہ خطاطی سیکھنا چاہتاہو وہ 9902678350پر رابطہ کرسکتاہے۔