بیدر اتسو کا یکم فروری کوچیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح

بیدر /28 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بیدر اتسو 2014 کا افتتاح وزیر اعلی کرناٹک مسٹر سدرامیا کے ہاتھوں یکم فروری کو قلعہ بیدر میں ہوگا ۔ ڈاکٹر پی سی جعفر ڈپٹی کمشنر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بیدر اتسو کا ا ندازاً خرچ 1.20 کروڑ روپئے ہوگا اور 2012 کے منسوخ شدہ بیدر اتسو کارڈ تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ جس کسی کے پاس 2012 کے غیر استعمال شدہ کارڈ ہوں انہیں چاہئے کہ بغیر معاوضہ ادا کئے نئے کارڈ حاصل کرلیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یکم فروری کی صبح میں مراتھن ہوگی ۔ جو برید شاہی گارڈن سے برآمد ہوگی ۔ اس شام قلعہ میں جو پروگرام منعقد ہوں گے ان میں صابرین برادران کی قوالی بھی شامل ہے ۔ 2 فروری کو جاوید علی اور گروکرن پروگرام پیش کریں گے ۔ اتسو کے تینوں دن پتنگ اتسو ہوگا ۔ جبکہ 2 فروری کی شب مدرسہ محمود گاوان میں کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ اتسو کے تینوں دن پتنگ اتسو ہوگا ۔ بچوں کیلئے تینوں دن Kidzone رہے گا ۔ تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے ۔

ایس پی بیدر مسٹر سدھیر ریڈی نے بیدر اتسو کے موقع پر ٹریفک کا نیا نقشہ بنایا ہے ۔ اتسو کے اوقات میں وہیکلس رکھنے والوں کو دلی دروازہ کی سمت سے قلعہ میں داخل ہونا پڑے گا ۔ جبکہ پیدل چلنے والے مینار تعلیم والے دروازہ سے قلعہ میں داخل ہوسکتے ہیں ۔ جس کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔ مسٹر اجول کمار گھوش سی ای او ضلع پنچایت نے کہا کہ بیدر اتسو کا مطلب عوام کی ہمت افزائی ہو اور ہمیں خوشی ہوگی اگر اتسو کے ذریعہ عوام کو خوشی ہوگی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جو کوئی اتسو ہذا کے ہورڈنگس کے ذریعہ کاروبار وغیرہ کی تشھیر چاہتے ہیں انہیں 50 فیصد رقم اشتہار ہذا کیلئے دینی ہوگی ۔ جس کیلئے محکمہ فاریسٹ سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ مسٹر سنیل کمار پنوار فاریسٹ آفیسر نے بتایا کہ ریاستی شاعر کے طور پر سردار ایاغ بنگلور کو مدعو کیا گیا ہے ۔ جبکہ مقامی شعراء ڈاکٹر عبدالوحید بہار ، لطیف خلش اور عبدالمقتدر تاج شریک مشاعرہ رہیں گے ۔