نئی دہلی۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندستان،بیجنگ میں اتوار کو ختم ہونے والے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ (رائفل ؍ پسٹل ) کی تمغوں کی فہرست میں سرفہرست رہا۔ہندستان مسلسل دوسرے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ مرحلے میں میڈل ٹیبل میں سب سے اوپر رہا۔ گزشتہ دو سالوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب ہندستان نے یہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ہندستان نے مقابلہ میں تین سونے اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ میزبان چین نے دو طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔ ہندستان نے دہلی میں ہوئے گزشتہ ورژن میں ہنگری کے ساتھ مشترکہ طور پر میڈل ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔مقابلہ میں ہندستان کے لئے ابھیشیک ورما (10 میٹر ایئر پسٹل)، انجم مدگل اور اپوروي چندیلا (خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے )، سوربھ چودھری اور دویانش پوار نے اولمپکس کوٹہ جیتے ۔آخری دن نوجوان شوٹر مانو بھاکر خواتین کی 25 میٹر پسٹل کوالیفکیشن میں 586 کے اسکور کے ساتھ 17 ویں نمبر پر جبکہ ایشیائی کھیلوں کے طلائی فاتح راہی سرنوبت کو 579 کے اسکور سے 26 واں اور چنکي یادو کو 570 کے اسکور کے ساتھ 56 واں مقام حاصل ہوا۔ خاتون 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن میں تینوں ہندستانی شوٹر نے مایوس کیا۔ این گایتری کوالیفکیشن میں 1169 کے اسکور کے ساتھ 19 ویں، سند ھو چوہان 1160 کے اسکور کے ساتھ 42 ویں اور کاجل سینی 1142 کے اسکور کے ساتھ 60 ویں نمبر پر تھے ۔