شادی کے بعد میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کا افسوسناک انجام
حیدرآباد۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) بہنوئی کے حملے سے بہن کو بچانے کے دوران حملے کا نشانہ بنا برادر ِنسبتی ہلاک ہوگیا۔ 7 ماہ کی شادی شدہ زندگی میں پیدا تنازعہ تھے جس نے ایک کی جان لے لی اور ایک شخص جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلا گیا۔ پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں 35 سالہ سید تاج عرف سید شیخ نے کل رات آخری سانس لی جو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا۔ انسپکٹر رین بازار پولیس عبدالجاوید نے بتایا کہ شیخ شہاب الدین اور روبینہ بیگم کی شادی 7 ماہ قبل ہوئی تھی۔ شہاب الدین یاقوت پورہ میں رہتا تھا جبکہ اس کا سسرال واحد کالونی میں ہے۔ 28 جون کے دن میاں بیوی میں بحث و تکرار کے بعد خاتون اپنے مائیکے واپس آگئی اور بیوی کو مائیکے سے واپس لے جانے کیلئے شوہر بھی سسرال پہونچا تھا، اسی دوران بحث و تکرار ہوگئی۔ شہاب الدین ان کی بیوی کو اپنے گھر واپس لے جانا چاہتا تھا لیکن اس کی بیوی اور خسر تیار نہیں تھے۔ اس دوران برہمی کا شکار شہاب الدین نے بیوی کو خوف زدہ کرنے کیلئے پٹرول اس کے جسم پر ڈالنے کی کوشش کی لیکن درمیان میں شہاب الدین کا برادر نسبتی سید تاج آگیا اور اس نے پٹرول تاج کے جسم پر ڈال دیا اور آگ لگا دی۔ پولیس نے اطلاع کے فوری بعد مقدمہ درج کرتے ہوئے شہاب الدین کو جیل منتقل کردیا اور اس وقت پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ کے دفعہ کو تبدیل کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔