بہنوائی کے حملہ میں برادر نسبتی کی موت

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) بہن سے انصاف کا مطالبہ کرنے پر برہم بہنوائی نے برادر نسبتی پر حملہ کردیا۔ اس حملہ میں برادر نسبتی فوت ہوگیا۔ ملکاجگیری پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ درشن اس کے بہنوائی ویرا بابو کے حملہ میں فوت ہوگیا۔ درشن یادادری علاقہ کا ساکن تھا جو روزگار کے سلسلہ میں گزشتہ دنوں ملکاجگیری منتقل ہوگیا تھا اور آٹو چلا رہا تھا۔ کل رات درشن کی ملاقات اس کے بہنوائی ویرا بابو راؤ سے ہوئی جس کے ساتھ اس کے ساتھی بھی موجود تھے۔ رات دیر گئے تمام نے مل کر مے نوشی کی جس کے بعد آٹو میں درشن اور اس کا بہنوائی اور اس کا ساتھی واپس ہورہے تھے کہ اس دوران درشن بابو پر برہم ہوگیا اور بہن کی زندگی کے متعلق وضاحت طلب کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس بات پر برہم بابو نے برادر نسبتی پر حملہ کیا اور خود ہاسپٹل منتقل کیا جہاں یہ شخص علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔