بہتر وکٹ اور ناقص فیلڈنگ کا آسٹریلیا کو فائدہ : وارنر

سڈنی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ اور مہمان کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ نے سڈنی ٹسٹ میں میزبان ٹیم کو ایک بہترین شروعات کا موقع فراہم کیا ہے اور وہ خود سیریز کی تیسری سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سڈنی ٹسٹ کے پہلے دن آسٹریلیائی ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر 101 رنز اور کریس راجرس 95 رنز اسکور کئے ہیں اور اوپنرس نے پہلی وکٹ کیلئے 200 رنز جوڑے۔ سلپ میں پھر ایک مرتبہ ہندوستانی فیلڈروں نے ناقص مظاہروں کیا ہے۔ مقابلے کے ابتدائی اوورس میں لوکیش راہول نے راجرس کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جبکہ محمد سمیع بدقسمت بولر ثابت ہوئے۔ شین واٹسن کو بھی دن کے آخری اوورس میں ایک زندگی اس وقت ملی جب اومیش یادو کی ایک شاندار گیند پر سلپ میں اشون نے کیچ چھوڑ دیا۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے وارنر نے کہا کہ جب فیلڈروں کی جانب سے ناقص مظاہرہ ہوتا ہے تو پھر ٹیم کے حق میں کوئی حکمت عملی کارکرد ثابت نہیں ہوتی اور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ پر بولروں کیلئے کوئی سوئنگ دستیاب نہیں تھی اور جو ایک دو مواقع ملے تھے، وہ بھی سلپ میں گنوا دیئے گئے جس کا آسٹریلیائی ٹیم نے پورا فائدہ اٹھایا ہے۔ وارنر نے مزید کہا ہے کہ وہ آسٹریلیائی ٹیم کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں کیونکہ ٹاس ان کے حق میں رہا، نیز ویراٹ کوہلی کے لئے یہ مقابلہ اور خاص کر پہلا دن کافی مشکل رہا۔