حیدرآباد۔15مئی ( سیاست ڈاٹ کام) سیزن میں پہلی مرتبہ موقع حاصل کرنے والے کنگس الیون پنجاب کے بیٹسمین منن ووہرا نے 20گیندوں میں 47رنز اسکور کرتے ہوئے کسی قسم کا کوئی دباؤ کی علامتیں ظاہر نہیں کی لیکن انکشاف کیا کہ ان پر بہتر مظاہرہ کیلئے دباؤ تھا کیونکہ وہ خود کو ملنے والے موقع کو گنوانا نہیں چاہتے تھے ۔ گذشتہ رات یہاں حیدرآباد میں میزبان سن رائیزرس حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے والے ووہرا نے کہا کہ دیانتداری سے کہا جائے تو مجھ پر بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن میں نے موقع کا فائدہ اٹھایا کیونکہ میں جانتا تھا کہ اگر میں بہتر مظاہرہ کروں تو یہاں سے ٹیم میں مستقل مقام حاصل کرسکتا ہوں جس کے بعد میرا گراف خودبخود بلند ہوجائے گا ۔ ووہرا نے ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کی جس کی بدولت کنگس الیون پنجاب نے 205رنز کے نشانہ کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے ٹورنمنٹ میں اپنے پہلے مقام کو برقرار رکھا ہے ۔ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین نے مزید کہاکہ وہ ایک بہتر موقع کے انتظار میں تھے تاکہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کریں کیونکہ میدان سے باہر بیٹھ کر مظاہرے دیکھنا جھنجھلاہٹ کاسبب بن سکتاہے ۔ ووہرا نے یہ بھی
اعتراف کیا کہ مقابلہ کی ابتداء میں جنوبی افریقہ کے تیز ترین بولر ڈیل اسٹین کا سامنا کرنے سے خوفزدہ تھے ۔ انہوں نے اس ضمن میں مزید کہا کہ اسٹین کی جب انہوں نے پہلی گیند کا سامنا کیا تو وہ اپنے پیروں کو بہتر طریقہ سے حرکت بھی نہیں دے پائے تھے کیونکہ ان پر فاسٹ بولر کا خوف طاری تھا ۔بعد ازاں میں نے خود سے کہا کہ خوفزدہ ہونے سے کوئی فائدہ نہیں جس کے بعد میں نے نٹس میں کی گئی پریکٹس کا فائدہ اٹھایا۔ڈریسنگ روم میں ویریندر سہواگ ‘ گلین میکس ویل اور ڈیوڈ ملر کی موجودگی کے ضمن میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ووہرا نے کہا کہ اس طرح کے کھلاڑیوں کی ٹیم میں موجودگی سے نوجوان کھلاڑیوں کا کام انتہائی آسان ہوجاتاہے ۔ ووہرا نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کی موجودگی سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے ۔ میکس ویل کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ووہرا نے کہا کہ وہ ایک جارحانہ بیٹسمین ہیں اور ان کی بیٹنگ کو دیکھ کر نہ صرف تیز رفتار بیٹنگ سیکھی جاسکتی ہے بلکہ ان کا انداز سب کو تفریح فراہم کرتا ہے ۔