بہتر شروعات کے باوجود ہندوستان 248/6 ، لیون کو 4 وکٹیں

راہول اور پجارا کی نصف سنچریاں ، راہانے بہتر شروعات کے بعد ناکام
دھرم شالہ ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیاٹسمینوں نے ابتداء میں ملنے والی بہتر شروعات کا فائدہ جماتے ہوئے یہاں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جارہے فیصلہ کن ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان کے بعد 248 رن اسکور کرلئے ہیں ۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 300 رنز سے ہندوستانی ٹیم ہنوز 52 رنز پیچھے ہے جبکہ کم سے کم تین بیٹسمنوں نے بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں منتقل کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی ۔ وکٹ اسپنرس کیلئے کافی سازگار ہوچکی ہے جہاں گیند ٹرن لینے کے علاوہ کافی اچھال بھی لے رہی ہے جس کے بعد مقابلے کا دلچسپ اختتام متوقع ہے ۔ لوکیش راہول جنہوں نے ایک بہتر اننگز کھیلی لیکن میدان پر حریف کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں دلائے جانے والے اشتعال کے بعد فاسٹ بولر پیٹرک کمنس کے باؤنسر کو کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ 124 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد راہول نے 60 رنز اسکور کئے لیکن وہ ایک بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں پھر ایک مرتبہ ناکام رہے ۔ چیٹیشور پجارا نے بھی 57 رنز کی اہم اننگ کھیلی جبکہ کارگزار کپتان اجنکیا راہا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ دو بیٹسمین بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے جنہیں آسٹریلیا کیلئے کامیاب بولر نیتھن لیون نے پویلین کی راہ دکھائی ۔ ایک موقع پر ہندوستانی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 108 رنز اسکور کرتے ہوئے بہتر موقف میں تھی لیکن اس کے بعد وکٹوں کا زوال شروع ہوا ۔ نئی گیند سے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے 18 اوورس میں  40 رنز اور کمنس نے 20 اوور میں 59 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا لیکن ہندوستان کو اصل نقصان لیون نے میڈل آرڈر کو تباہ کرتے ہوئے پہنچایا ۔ لیون نے 28 اوور میں 67 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کی وجہ سے دوسرے دن کے کھیل کا اختتامی سیشن آسٹریلیا کے نام رہا ۔ آخری سیشن میں ہندوستانی ٹیم نے 95 رنز اسکور کئے لیکن اسے چار اہم کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ جس کے بعد ہندوستانی ٹیم لیون کے خلاف دفاعی موقف میں آگئی ۔ ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ نے ہندوستان کو جدوجہد سے بھری اننگز کھیلتے ہوئے مجموعی اسکور میں اہم اضافہ کیا جیسا کہ اشون نے 49 گیندوں میں 30 رنز اسکور کئے جبکہ جڈیجہ نے اپنا فطری کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز تو بنائے لیکن اس میں دو چھکے بھی شامل ہیں ۔ جڈیجہ کے ہمراہ وکٹ پر دوسرے ناٹ آوٹ بیٹسمین وکٹ کیپر وریدھیمان ساہا ہیں جنہوں نے 10 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ حالانکہ ان کا پہلی سلپ پر ماٹ رینشا نے کیچ چھوڑا ۔ ہندوستان کو سب سے زیادہ نقصان راہول کا غیرذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے وکٹ گنوانا رہا کیونکہ جس وقت وہ پجارا کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے ہندوستان کا کھیل پر مکمل قابو تھا ۔