بہترین بولر بھی نوبال پھینکتا ہے : امیت شاہ

نئی دہلی ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امیت شاہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کی پاسداری سے اتفاق کیا اور خود کا ایک بہترین بولر سے موازنہ کیا جو کبھی ’’نو بال‘‘ بھی پھینکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقاریر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور ان کی تقریر کے دوران رکاوٹ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار ہے۔ وہ کمیشن کے فیصلے کے پابند رہیں گے جب بولر گیند پھینکتا ہے تو کبھی نوبال بھی ہوجاتا ہے۔ کبھی بہترین بولر سے گیند پھسل جاتی ہے اور نوبال بھی پھینکی جاتی ہے وہ بھی ان سے مختلف نہیں ہے۔

مودی کا ازدواجی موقف، پولیس کو رپورٹ پیش کرنے عدالت کا حکم
احمدآباد ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مقامی عدالت نے سٹی پولیس کو بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی پر حلف نامہ میں حقائق کو چھپانے کے الزام پر وضاحتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ایم ایم شیخ نے عام آدمی پارٹی کارکن کی دائر کردہ درخواست پر سٹی پولیس کو اس معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے اندرون 3 ہفتے موقف رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عام آدمی پارٹی کارکن نشانت ورما نے رنیپ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوکر مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی خواہش کی تھی جنہوں نے 2012ء گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران حلف نامہ میں ازدواجی موقف کے تعلق سے حقائق کو مخفی رکھا تھا۔ مودی نے لوک سبھا انتخابات میں ودودرا سے نامزدگی کے موقع پر یہ انکشاف کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی بیوی کا نام جشودابین ہے۔