بنگلورو۔31جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر برائے کنڑا کلچر ،بہبودی ٔ خواتین واطفال اوما شری نے آج محکمہ کے افسران کو زیر التواء فائلوں کی عاجلانہ یکسوئی کے علاوہ 15 دنوں میں اس خصوص میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آج سکریٹریٹ کا معائنہ کرتے ہوئے انہوںنے زیر التواء فائلوں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ فی الحال محکمہ میں 1607 فائلس زیر التواء ہیں۔ محکمہ میں ان کی یکسوئی کی شرح 54.99 فیصد ہے۔اس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے، جس کے پیش نظر اگلے پندرہ دنوں میں بڑے پیمانے پر فائلوں کی یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ ایڈیشنل چیف سکریٹری ،ڈائرکٹر ، ڈپٹی سکریٹری اور انڈر سکریٹری ایک جگہ بیٹھ کر فائلوں کی یکسوئی کریں۔ انہوںنے بتایاکہ دو تین برسوں سے زیر التواء فائلوں پر فوراً فیصلہ لیا جائے اور محکمہ جاتی تحقیقات اور عدالت میں زیر التواء معاملات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پرمحکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل کے علاوہ ،محکمہ کے سینئر افسران موجود تھے۔