بھاگلپور ۔ یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے خلاف ’’ڈی این اے‘‘ ریمارک کے بعد شدید تنقیدوں کا نشانہ بنے وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہاکہ بہاری لوگ بہت زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔ مودی کا ڈی این اے کے بارے میں تبصرہ حریفوں کے لئے ایک اہم سیاسی ہتھیار بن چکا تھا۔ نریندر مودی نے نتیش کمار اور لالو پرساد یادو پر سوشیلسٹ قائدین جیسے رام منوہر لوہیا اور جئے پرکاش نارائن کے ورثے کو قربان کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ان دونوں نے سوشیلسٹ نظریہ کی حامل شخصیتوں کے ورثے کو قربان کردیا ہے۔ بہار میں انتخابی شیڈول کے اعلان سے قبل بی جے پی کی آخری پریورتن ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے آر جے ڈی ۔ جے ڈی (یو) حریف اتحاد کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور اُن پر 25 سالہ دور اقتدار میں ذات پات اور فرقہ پرستی کا زہر پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 25 سال بعد بہار کے عوام نے ترقی کے لئے ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ترقی کے لئے حکومت قائم کی ہے۔ کوئی بھی طاقت این ڈی اے کے اس کامیابی کے سفر کو روک نہیں سکتی۔
نتیش کمار کا متوازی پیکیج بہار کے ساتھ دھوکہ
ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصہ میںوزیراعظم کا بہار کے چوتھے جلسہ عام سے خطاب
بھاگلپور ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بہار کے بارے میں اپنی برق رفتار مہم جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار پر عوام کے ساتھ اپنے 2.7 لاکھ کروڑ روپئے کے ترقیاتی نظریہ کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ بہار میں ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصہ میں بی جے پی کے چوتھے ’’پریورتن جلسہ عام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے نتیش کمار پر الزام عائد کیا کہ اپنے نئے حلیف آرجے ڈی کے صدر لالو پرساد کے ساتھ وہ رام منوہر لوہیا اور جئے پرکاش نارائن جیسے سوشلسٹ قائدین کے ورثہ کی قربانی دے رہے ہیں کیونکہ یہ دونوں جئے پرکاش نارائن تحریک کے علمبردار تھے لیکن اب انہوں نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے۔ انہوں نے دونوں قائدین پر گزشتہ 25 سالہ دور حکومت میں ذات پات اور فرقہ پرستی کا زہر پھیلانے کا الزام عائدکیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پیکیج کے اعلان سے دویا تین دن بعد نتیش کمار نے متوازی پیکیج کا اعلان کیا ہے
لیکن جب انہیں احساس ہوا کہ بہار کے عوام جو بے حد ذہین ہے، اس کھیل کو اچھی طرح سمجھ گئے ہیں تو انہوں نے نتیش کمار کے اعلان پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دی۔ اس پر انہوں نے اپنا راستہ بدل دیا اور جلسہ عام کے موقع پر ان پر تنقید کا کرنے کا رویہ اختیار کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ نتیش کمار نے گزشتہ ہفتہ اپنے پیکیج کا اعلان کر کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ یہ بہار کے سالانہ بجٹوں کا جو 50 تا 55 ہزار کروڑ روپئے کا ہوتا ہے، آئندہ پانچ سال کے تخمینہ کا مجموعہ ہے، حالانکہ اس میں مرکزی امداد بھی شامل ہے۔ یہ بہاری عوام کو بے وقوف بنانے اور انہیں دھوکہ دینے کی ایک کوشش ہے لیکن انہیں احساس ہوجانا چاہئے کہ بہار کے عوام کو کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 1.76 لاکھ کروڑ روپئے کہاں سے لائیں گے
جبکہ ریاست صرف 2.7 لاکھ کروڑ روپئے دیتی ہے۔ کیا وہ یہ رقم چارہ اسکام کے طریقہ سے حاصل کریں گے؟ نئے قائم کردہ سیکولر اتحاد کے قائدین بشمول صدر کانگریس سونیا گاندھی ، نتیش کمار اور لالو پرساد کی جانب سے سوابھیمان ریالی میں ان پر تنقید کے بعد وزیراعظم نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ بہاری انتہائی ذہین ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے حریف ڈی این اے کے تبصرہ کو انتخابی ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مودی نے سوابھیمان ریالی میں بہار کو بیمار ریاست قرار دیا تھا لیکن اب انہوں نے اپنا موقف برعکس کرتے ہوئے پریورتن ریالی میں بہاری عوام کی ذہانت کی بھرپور ستائش کی۔ مودی نے لالو پرساد اور نتیش کمار کے کانگریس سے اتحاد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے اپنے سرپرستوں جیسے رام منوہر لوہیا ، لوک نائک جئے پرکاش نارائن اور کارپوری ٹھاکرکی وراثت کو فراموش کرتے ہوئے اسی کانگریس کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے جس کے خلاف ان قائدین نے زندگی بھر جنگ کی تھی اور اسی کانگریس نے ان قائدین کو قید کردیا تھا۔ صحت کے شعبہ میں نتیش کمار حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک میں کمیونٹی سنٹرس کی تعداد 2005 ء میں 3300 تھی جو 2014 ء 5300 ہوگئی لیکن بہار میں کمیونٹی سنٹر س کی تعداد 101 سے کم ہوکر 70 ہوگئی۔ مودی نے کہا کہ 25 سال میں پہلی بار بہار ترقی کے حق میں ووٹ دے گا۔ انہوں نے نتیش کمار اور لالو پرساد پر ذات اور فرقہ پرستی کا زہر پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتنی بھی پارٹیاں اور قائدین ہمارے خلاف متحد ہوجائے اور عوام کو غلط معلومات کے ذریعہ گمراہ کریں لیکن عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس بار این ڈی اے کو برسر اقتدار لائیں گے۔