بہار کے ’’اسامہ بن لادن‘‘ مودی کے خلاف انتخابی میدان میں، معراج خالد نور نے لالو اور پاسوان کیلئے بھی کام کیا تھا

پٹنہ ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے اسامہ بن لادن سے زبردست مشابہت رکھنے والے معراج خالد نور جنہیں بہار کا اسامہ بن لادن بھی کہا جاتا ہے، نے اعلان کیا ہیکہ وہ وارانسی سے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف انتخابات لڑیں گے۔ اپنی ایک نئی تشکیل شدہ سیاسی پارٹی ’’رام انڈیا‘‘ کے صدر خالد نور نے کہا کہ انہوں نے وارانسی سے مودی کے خلاف انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی غوروخوض کے بعد وہ اس نتیجہ پر پہنچے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ کسی زمانے میں خالد نور آر جے ڈی کے آنکھوں کے تارے تھے۔ لالو پرساد اور

ایل جے پی سربراہ رام ولاس پاسوان مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے معراج خالد نور کا ہی سہارا لیا کرتے تھے لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔ خالد نے کہا کہ انہوں نے 2004ء لوک سبھا انتخابات کے لئے پاسوان کیلئے مہم چلائی اور 2005ء اسمبلی انتخابات کے لئے لالو کیلئے ۔ خالد ایک تاجر ہیں اور اب سیاسی میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔ انہیں شکایت ہیکہ مسلم ووٹرس کو راغب کرنے لالو اور پاسوان نے ان کا ’’بھرپور استعمال‘‘ کیا۔ خالد ایک لحیم شحیم شخص ہیں اور ان کی صحت بھی قابل رشک ہے جبکہ داڑھی بھی مرحوم اسامہ بن لادن سے ملتی جلتی ہے اور سر پر ہمیشہ اسامہ کی طرح شملہ بندھا ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ القاعدہ کے اسامہ بن لادن کو 2011ء میں امریکہ نے پاکستان میں ایک خفیہ ٹھکانے پر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ کے ساتھ مشابہت کی وجہ سے وہ سب کی توجہ کا مرکز بن جاتے تھے جبکہ حقیقت یہ ہیکہ نہ تو وہ اچھے مقرر ہیں اور نہ ہی ایک کامیاب سیاستداں بننے کی ان میں صلاحیتیں ہیں۔ پٹنہ ہی نہیں بلکہ پوری ریاست بہار میں خالد کو ان کے اصلی نام سے کوئی نہیں جانتا۔ سب انہیں بن لادن ہی کہہ کر پکارتے ہیں۔