بہار کے نومنتخبہ ارکان اسمبلی کی تقریب حلف برداری تحریری حلف پڑھنے میں بیشتر ارکان کی لغزش

پٹنہ ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بہار کے نومنتخبہ ارکان اسمبلی نے جوکہ بندیس (صدری)اور پاگ ( علاقہ سیتھلا کی روایتی ٹوپی ) زیب تن کئے ہوئے تھے آج 16 ویں قانون ساز اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا جبکہ اسمبلی اجلاس کے آغاز پر کل یہ تقریب منعقد ہوئی تھی لیکن آر ایل ایس پی کے رکن اسمبلی بسنت کمار کی موت کے باعث ملتوی کردی گئی تھی ۔ چونکہ چیف منسٹر نتیش کمار قانون ساز کونسل کے رکن ہیں لہذا ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو نے سب سے پہلے حلف لیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے نومنتخبہ ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے بعد ان کے بھائی تیج پرتاپ یادو ، عبدالباری صدیقی ، بیجندر پرساد یادو ، اشوک چودھری ، شروان کمار نے حلیف لیا ۔ اپوزیشن لیڈر پریم کمار کے علاوہ اسمبلی حلقوں کے سلسلہ وار نشان کے مطابق ارکان اسمبلی نے حلف لیتے ہوئے رجسٹر پر دستخط کئے ۔ تاہم آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے بڑے فرزند تیج پرتاپ یادو جنھوں نے 20 نومبر کو کابینہ کی حلف برداری تقریب میں تحریری حلف پڑھتے وقت غلطیاں کی تھیں جس پر ریاستی گورنر رام ناتھ کوئند نے دوبارہ حلفنامہ پڑھوایا تھا آج کوئی غلطی نہیں کی ۔ علاوہ ان کے متعدد ارکان اسمبلی نے حلف لیتے وقت زبانی لغزش کر بیٹھے جس پر عبوری اسپیکر سدانند سنگھ نے الفاظ صحیح ادا کرنے کی دوبارہ ہدایت دی ۔ تاہم تحریری حلف پڑھنے میں سب سے زیادہ مشکل رام نگر ، ضلع مغربی چمپارن کی بی جے پی رکن اسمبلی بھگیرتھ دیوی کو پیش آئی جنھیں بار بار غلطی پر 4 مرتبہ یہ حلف پڑھوایا گیا ۔ نومنتخبہ ارکان کی اکثریت نے ہندی ، میتھلی اردو ، سنسکرت اور انگریزی زبان میں حلف لیا ۔ سابق مرکزی وزیر ایم اے اے فاطمی کے فرزند فراز فاطمی واحد رکن تھے جنھوں نے انگریزی زبان میں حلیف لیا ۔ بی جے پی رکن اسمبلی ستھلیش تیواری نے سنسکرت زبان میں حلف لیا ۔