کولکتہ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) طویل عرصے سے قومی چمپئن شپ رانجی میں واپسی کی لڑائی لڑ رہے بہارکو آخرکار خوشخبری مل گئی ہے اور سورو گنگولی کی رہنمائی والی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی تکنیکی کمیٹی نے اتفاق رائے سے بہار کو پھر سے رانجی ٹرافی 19۔2018 سیزن میں شامل کرنے کی سفارش کردی ہے ۔بی سی سی آئی کی تکنیکی کمیٹی نے اپنے اجلاس میں بہار کو رنجی ٹرافی 19۔2018 سیزن میں شامل کرنے کے علاوہ اور بھی کئی سفارشات کی ہیں جن میں سب سے اہم رانجی ٹرافی میں پری کوارٹر فائنل کا آغاز ہے ۔ تکنیکی کمیٹی نے اپنی سفارش میں کہا ہے کہ رانجی ٹرافی میں 19۔2018 سیزن میں چار گروپ ہوں گے اور میچ ہوم اینڈ اوے بنیاد پر کھیلے جائیں گے جبکہ نئے سیزن سے پری کوارٹر فائنل کا آغاز ہوجائے گا۔بی سی سی آئی کے نگراں سکریٹری امیتابھ چودھری نے کہا کہ تکنیکی کمیٹی نے متفقہ طور پر بہار کو رانجی ٹرافی 19۔2018 سیزن میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے حالانہ کمیٹی محسوس کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 جولائی 2016 کے فیصلے کے پیش نظر شمال مشرق کے اسوسی ایٹ اور متعلقہ ارکان پر بھی غور کیا جانا چاہیے ۔تکنیکی کمیٹی کے بموجب حال میں ممبئی میں منعقد ہوئی کپتان اور کوچ کانفرنس میں زیادہ تر ریاستوں کے کپتان رانجی ٹرافی میں پری کوارٹر فائنل کو شامل کرنے کے حق میں تھے ۔ اب تک رانجی ٹرافی میں چار گروپ تھے اور ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرتی تھیں۔کپتانوں اور کوچوں کی صلاح کے پیش نظر رنجی ٹرافی میں راؤنڈ16 (پری کوارٹر فائنل) دور کی شروعات کرنے کا مشورہ رکھا گیا۔