بہار کو خصوصی موقف دینے کا مرکز سے مطالبہ

پٹنہ ۔ /2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کے بہار کے ساتھ امتیازی رویہ کے خلاف بطور احتجاج اور خصوصی ریاست کا موقف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج جنتادل (یو) نے ریاست گیر بند منایا ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے گاندھی میدان پر گاندھی جی کے مجسمہ کے روبرو ستیہ گرہ کی سینئر وزراء اور جنتادل (یو) قائدین کے ساتھ انہوں نے سرکاری رہائش گاہ سے ایک بجے دن مارچ شروع کیا اور گاندھی میدان پہنچنے کے بعد وہ گاندھی جی کے مجسمہ کے سامنے پلیٹ فارم پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ۔

پانچ گھنٹے دھرنا دینے کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ وہ اس عہد کے ساتھ ستیہ گرہ کررہے ہیں کہ بہار کے عوام ریاست کو خصوصی موقف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو بھی ترقی کا حق ہے اور انہیں یقین ہے کہ ترقی کے لئے ریاست کو خصوصی موقف دلانے میں کامیابی ملے گی ۔ جنتادل (یو) کارکنوں نے آج بڑے پیمانے پر بند منایا ۔ دارالحکومت پٹنہ میں کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور دکانات و بازار کو بند کرادیا ۔ بعض مقامات پر سڑکوں پر جلتے ٹائر ڈالدیئے گئے تھے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی ۔