پٹنہ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے 15 ویں فینانس کمیشن سے اپنی ریاست کے لئے اضافی مرکزی اعانت عطا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے یہ حوالہ دیا ہے کہ خود اپنے محدود وسائل کی مدد کے ساتھ ریاست نے معقول پیشرفت کی ہے۔ چہارشنبہ کو کمیشن کے سربراہ این کے سنگھ سے نمائندگی کرتے ہوئے نتیش کمار نے جنرل اور اسپیشل کٹیگری والی ریاستوں کے درمیان امتیاز ختم کردینے کے تعلق سے اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ نتیش کمار کے حوالہ سے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اِس طرح کے امتیاز کی برخاستگی اُلٹی بات کے مترادف ہے جس کا پندرھویں فینانس کمیشن کو جائزہ لینا چاہئے۔ نتیش نے اپنی ریاست کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ضمن میں بھی زیادہ مرکزی اعانت کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ بہار ہر سال پڑوسی نیپال سے نکلنے والی دریاؤں کے اُبلنے کے سبب سیلاب سے تباہ ہوتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کا 70 فیصد علاقہ سیلابوں سے متاثر ہوتا ہے۔ 2017 ء میں ریاست کو متاثرہ خاندانوں کے لئے راحت کی فراہمی میں 2,400 کروڑ روپئے خرچ کرنا پڑا تھا۔ مرکزی مدد صرف 500 کروڑ روپئے کی رہی، اِس میں اضافے کی ضرورت ہے۔