بہار کانگریس میں بغاوت

اشوک چودھری گروپ کانگریس چھوڑ کر جے ڈی یو میں شامل
پٹنہ۔یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار ریاستی کانگریس کے سابق صدر اشوک چودھری سمیت قانون سازکونسل کے چاراراکین آج کانگریس سے ترک تعلق کرتے ہوئے حکمراں جنتادل یو میں شامل ہوگئے۔ مسٹر چودھری نے قانوسازکونسل کے ارکان رام چندر بھارتی ،دلیپ کمار چودھری اور تنویر اختر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس میں گزشتہ چھ مہینوں سے ان کے ساتھ توہین امیز سلوک ہورہا تھا جس کی وجہ سے ان کے ساتھ تین دیگر قانون ساز کونسل کے اراکین نے پارٹی چھوڑ کر جے ڈی یو میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہی انہوں نے تینوں ایم ایل سی کے ساتھ چیف منسٹرتیش کمار سے ملاقات کی تھی اور انہیں اپنے فیصلہ کے بارے بتاتے ہوئے گزارش کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ قانون ساز کونسلروں کو پارٹی میں جگہ دیں۔ سابق وزیر مسٹر چودھری نے کہاکہچیف منسٹرنے ان کی درخواست کو قبول کرلیا، جس کے لئے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ اس کے بعد شام تقریباََ پانچ بجے قانون سازکونسل کے کارگزار اسپیکر ہارون رشید کو پارٹی میں ٹوٹ کے سلسلے میں خط لکھ کر مطلع کردیا گیا ہے اور علیحدہ ہوئے کونسلروں کو قانون ساز کونسل میں جنتادل (یو) کے اراکین کے طورپر تسلیم شدہ حیثیت دینے کی درخواست کی ہے۔خیال رہے کہ قانون سازکونسل میں کانگریس کے کل چھ اراکین تھے ان میں سے چار کونسلروں مسٹر اشوک چودھری ،مسٹر رام چندر بھارتی ،دلیپ چودھری اور تنویر اختر کے الگ ہوکر جنتادل (یو) میں شامل ہوجانے کے بعد اب مسٹر مدن موہن جھا اور راجیش رام ہی کانگریس کے دو رکن رہ گئے ہیں۔