بہار میں 9 نو منتخبہ ارکان اسمبلی کی حلف برداری

پٹنہ 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں دس نو منتخب ارکان اسمبلی کے منجملہ 9 ارکان اسمبلی نے آج اپنی رکنیت کا حلف لیا ۔ اسپیکر بہار اسمبلی ادت نارائن چودھری نے نو منتخب ارکان اسمبلی کو اسمبلی کے احاطہ میں منعقدہ ایک تقریب میں یہ حلف دلایا ۔ آج حلف لینے والے ارکان اسمبلی میں راشی ورما ‘ رام نارائن منڈل ‘ اودیش سنگھ اور نرنجن رام ( بی جے پی ) رام اوتار پاسوان اور رندھیر کمار سنگھ ( آر جے ڈی ) رامانند پرساد سنگھ اور رشی مشرا ( جے ڈی یو ) اور اجیت شرما ( کانگریس ) شامل ہیں۔ آر جے ڈی رکن اسمبلی اجئے بلغانن آج حلف نہیں لے سکے ۔ اسپیکر موصوف نے بتایا کہ انہیں بعد میں حلف دلایا جائیگا ۔

یوم اساتذہ :مودی کی تقریر کے راست نشریہ پر گوا کانگریس کی تنقید
پاناجی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے تمام اسکول وزیراعظم نریندر مودی کے یوم اساتذہ کے موقع پر کل تقریر کا راست نشریہ سننے کی تیاری کررہے ہیں جبکہ کانگریس نے اس نشریہ کو دیکھنے کے لزوم پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیمات کی ایسی کارروائی اس وقت تک ممکن نہیں تھی جب تک کہ سرکاری ہدایت حاصل نہ ہوئی ہو۔ گوا کانگریس ترجمان نے کہا کہ یہ حکم سیاسی مفادات پر مبنی ہے۔ طلبہ کو نشریہ دیکھنے مجبور کیا جارہا ہے۔ محکمہ تعلیمات نے اسکولس کو ہدایت دی کہ کل 2.30 بجے تا 4.45 بجے دن وزیراعظم کی تقریر کا نشریہ دکھانے کے انتظامات کئے جائیں۔