بہار میں کونسل انتخابات وقار کا مسئلہ بن گئے

پٹنہ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکمران جنتا دل اور اپوزیشن بی جے پی نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کی 24 نشستوں کے انتخابات کو ’’وقار کا مسئلہ‘‘ بنادیا اور یہ ادعا کیا کہ نتائج کے بعد ہی حقیقی صورتِ حال آشکار ہوگی۔ جاریہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل منعقدہ کونسل انتخابات کو سیمی فائنل سے تعبیر کیا گیا ہے۔ ایک طرف جنتا دل (متحدہ)، آر جے ڈی، کانگریس اور این سی پی پر مشتمل سکیولر اتحاد تو دوسری جانب بی جے پی، ایل جے پی اور آر ایل ایس پی پر مشتمل این ڈی اے اتحاد کی عددی طاقت کا اندازہ ہوگا۔ تنقید کا پہلا تیر چھوڑتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی نے قانون ساز کونسل کے انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنادیا ہے اور اس کے لیڈروں نے حد سے زیادہ بیان بازی کی ہے لیکن جنتا دل (متحدہ) نے انتخابات کو حسب معمول قرار دیا ہے تاہم بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دراصل چیف منسٹر نے کونسل انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنا لیا کیونکہ وہ (چیف منسٹر) ہر ایک امیدوار کی پرچہ نامزدگی کے موقع پر موجود تھے۔