بہار میں کانگریس کا مختلف جماعتوں سے تبادلہ خیال

بی جے پی کے خلاف قابل لحاظ اتحاد کو یقینی بنانے کی کوشش ‘ نتیش کمار کی ستائش
نئی دہلی ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی بہار میں بی جے پی کے خلاف ایک سکیولر اتحاد قائم کرنے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت کر رہی ہے ۔ پارٹی ترجمان راجیو گوڑا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے تاکہ بی جے پی کے خلاف سکیولر جماعتوں کا ایک قابل لحاظ اتحاد قائم کیا جاسکے ۔ اس سوال پر کہ آیا لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتادل کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا بہار میں کانگریس ۔ جے ڈی یو اتحاد قائم ہوسکتا ہے مسٹر گوڑا نے کہا کہ کسی طرح کے سیاسی اتحاد سے قبل مختلف انداز میں ریمارکس کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں بہار پردیش کانگریس کے صدر اشوک چودھری نے ریمارک کیا تھا ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا پردیش کانگریس کے صدر اس طرح کے بیانات اپنی شخصی حیثیت میں دے رہے ہیں یا پارٹی نے اس کی منظوری دی ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر نے دو دن قبل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے بات چیت کی تھی ۔ اطلاعات میں کہا گیا تھا کانگریس پارٹی بی جے پی کے خلاف ریاست میں وسیع تر اتحاد میں زیادہ سے زیادہ حصہ داری حاصل کرنے لالو پرساد یادو کی کوششوں کو ناکام بنانے جنتادل یو کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے ۔ کانگریس فی الحال بہار میں جنتادل یو حکومت کی تائید کر رہی ہے اور اس کے کئی قائدین نے بارہا نتیش کمار کی قیادت میں یقین کا اظہار کیا تھا اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ نتیش کمار کے ساتھ مل کر انتخابات میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے اگر نتیش کمار کانگریس کو قابل قدر نشستیں فراہم کرتے ہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر مسٹر چودھری نے یہ بھی کہا تھا کہ کانگریس ۔ جے ڈی یو ۔ آر جے ڈی اتحاد کا بھی امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کے مابین نشستوں کی تقسیم پر بات چیت ناکام ہوجاتی ہے تو پھر ان کی پارٹی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے نتیش کمار کی قیادت کو تسلیم کریگی ۔ علیحدہ پریس کانفرنس میں کانگریس کے جنرل سکریٹری و بہار کے سینئر لیڈر شکیل احمد نے کہا تھا کہ وہ پردیش کانگریس صدر کے اس خیال سے اتفاق کرتے ہیں کہ نتیش کمار ایک بہتر چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے سیاسی طور پر تین مرتبہ نتیش کمار کی تائید بھی کی ہے ۔