ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی کا بیان ۔ نشستوں کی تقسیم پر کسی تبصرہ سے گریز
نئی دہلی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر و بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے کہا کہ نتیش کمار ریاست میں اتحادی حکومت کے لیڈر ہیں اور ریاست میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں این ڈی کی جانب سے نتیش کمار کے نام اور وزیر اعظم مودی کے کاموں پر ووٹ مانگے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ تبصرہ ایسے وقت میں کیا جبکہ جے ڈی یو نے مطالبہ کیا تھا کہ نتیش کمار کو بہار میں این ڈی اے کا چہرہ بنایا جائے ۔ دہلی میں ایک تقریب کے دوران بہار بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جے ڈی یو کے موقف میں انہیں کوئی تضاد نظر نہیںآتا کیونکہ نتیش کمار ریاست کے چیف منسٹر ہیں اور وہ ریاست میں این ڈی اے کے لیڈر ہیں ۔ سابق میں بھی وہ بی جے پی کے حلیف رہ چکے ہیں۔ سشیل مودی نے کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم ہیں اور نتیش کمار چیف منسٹر ہیں ۔ این ڈی اے کی جانب سے نتیش کمار اور مودی کے نام پر ووٹ مانگے جائیں گے ۔ وہ نہیں سمجھتے کہ اس میں تضاد ہے ۔ نتیش کمار بحیثیت چیف منسٹر ریاست کا چہرہ ‘نریندر مودی بحیثیت وزیر اعظم ملک کا چہرہ ہیں۔ انہوں نے تاہم ریاست کی 40 لوک سبھا نشستوں کی تقسیم سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔