بہار میں مہا گٹھ بندھن میں نشستوں کا الاٹمنٹ

پٹنہ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں عظیم اتحاد (مہا گٹھ بندھن) نے آج اُن نشستوں کا اعلان کردیا جو اتحادی شرکاء میں سے ہر ایک لڑے گا۔ یہ اتحاد آر جے ڈی، کانگریس، آر ایل ایس پی، ایچ اے ایم اور وی آئی پی پر مشتمل ہے۔ اِس ریاست میں عام انتخابات تیسرے سے ساتویں مرحلہ تک منعقد ہونے والے ہیں۔ بہار کی 40 لوک سبھا نشستوں میں سے 31 حلقوں میں 23 اپریل اور 19 مئی کے درمیان مرحلہ 3 سے مرحلہ 7 تک پولنگ منعقد ہوگی۔ نشستوں کی تقسیم کا یہاں پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا اور کہاکہ حلقہ آرا میں سی پی آئی (ایم ایل) کی مدد کے لئے مہاگٹھ بندھن کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ شیوہر نشست کے لئے امیدوار کا عنقریب فیصلہ کیا جائے گا۔ سینئر آر جے ڈی لیڈر عبدالباری صدیقی دربھنگہ سے انتخاب لڑیں گے۔ سابقہ اسپیکر میرا کمار ساسارام حلقہ سے کانگریس امیدوار ہوں گی۔پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر قائدین کی غیر حاضری کچھ عجیب لگی۔