تیجسوی یادو ‘اوپیندر کشواہا اور ساہنی کی رانچی ہاسپٹل میں لالو پرساد یادو سے ملاقات
پٹنہ / رانچی 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو : آر ایل ایس پی لیڈر اوپیندر کشواہا اور عظیم اتحاد میں شامل نئے رکن مکیش ساہنی نے آج رانچی جیل میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے ملاقات کی تاکہ عظیم اتحاد کیلئے بہار میں نشستوں کی تقسیم پر بات چیت ہوسکے ۔ لالو پرساد یادو رانچی کے راجیندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں شریک ہیں۔ انہیں چارہ اسکام میںسزا سنائی گئی ہے ۔ لالو یادو کے قریبی ذرائع نے کہا کہ لالو یادو اور تینوں قائدین کے مابین نشستوں کی تقسیم پر ابتدائی نوعیت کی بات چیت ہوئی ہے ۔ آر جے ڈی بہار میں عظیم اتحاد کی اصل جماعت ہے ایسے میں نشستوں کی تقسیم پر لالو پرساد یادو کی منظوری ضروری ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی برسر اقتدار جنتادل یونائیٹیڈ نے ان قائدین کی ملاقات پر تنقید کی ہے اور کہا کہ یہ قائدین جیل میں قید لیڈر سے منظوری حاصل کر رہے ہیں۔ بہار کا عظیم اتحاد فی الحال کانگریس ‘ آر جے ڈی ‘ آر ایل ایس پی ‘ ہندوستانی عوام مورچہ ‘ اور وکاس شیل انسان پارٹی پر مشتمل ہے ۔ یہ قائدین 2019 لوک سبھا انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم پر بات چیت میں مصروف ہیں۔ مکیش ساہنی ایک بالی ووڈ ادکار ہیں اور انہوں نے حال ہی میں اپنی پارٹی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے یو پی اے میں گذشتہ اتوار کو شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ ملاقات کے بعد کشواہا اور ساہنی نے میڈیا سے کہا کہ آر جے ڈی کی صحت سے متعلق ہی زیادہ بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ سیاسی بات چیت بھی ہوئی ہے اور ابھی فی الحال اس کو ظاہر کرنا ضروری نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ک ہم نے تاہم بہار اور جھارکھنڈ میں این ڈی اے کو شکست دینے کے تعلق سے بات چیت ضرور کی ہے ۔