پٹنہ 21 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی ۔ جے ڈی یو حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے راکھشس راج قرار دیا ۔ آج بہار کے پہلے چیف منسٹر شری کرشنا سنگھ کی یوم پیدائش تقریب تھی ۔ اس موقع پر عظیم اتحاد کی جماعتوں نے ایک تقریب میں حکومت کو نشانہ بنایا ۔ کانگریس ‘ آر جے ڈی ‘ ایچ اے ایم کے قائدین نے مرکز اور ریاست دونوں ہی جگہوں پر این ڈی اے حکومت کو زوال کا شکار کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے خطاب میں نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی زیر قیادت حکومت کو انہوں نے ’ راکھشس راج ‘ قرار دیا اور اس کے خلاف جدوجہد پر زور دیا ۔