پٹنہ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کیلئے مقابلہ کا آغاز کرتے ہوئے آر جے ڈی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے تمام متبادل کھلے ہیں اور پارٹی سربراہ لالو پرساد یادو ووٹنگ کی پہل کریں گے۔ یاد رہے کہ آر جے ڈی کی قومی عاملہ نے لالو پرساد کو پہلے ہی اہم معاملات پر فیصلہ کرنے کا اختیار تفویض کیا ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے بارے میں لالو پرساد جو بھی فیصلہ کریں گے، پارٹی ایم ایل ایز اس پر عمل آوری کریں گے۔ آر جے ڈی کے ریاستی صدر رام چندر پروے نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آر جے ڈی لیجسلیٹرس جے ڈی (یو) کی جانب سے معلنہ امیدواروں یا آزاد امیدواروں کو ووٹ دیں گے
جس کا راست جواب نہ دیتے ہوئے انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ہمارے لئے تمام متبادل کھلے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ بہار اسمبلی میں آر جے ڈی کے 21 ایم ایل ایز ہیں جبکہ ریاستی اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 232 ہے جن میں سے 11 نشستیں مخلوعہ ہیں۔ پروے نے کہ اکہ راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے لئے ایک وہپ کی اجرائی بھی عمل میں آسکتی ہے لیکن اس کا فیصلہ بھی لالو پرساد ہی کریں گے۔ یاد رہے کہ کل میڈیا میں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ لالو پرساد نے اپنے لیجسلیٹرس کو ہدایت کی ہیکہ وہ اپنی عقل کو استعمال کرتے ہوئے ووٹ دیں لیکن میڈیا سے خود باتیں کرتے ہوئے لالو پرساد نے ایسے کسی بیان کی تردید کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ بہار سے راجیہ سبھا کی تین نشستیں اس وقت مخلوعہ ہوگئیں جب ایل جے پی سربراہ رام ولاس پاسوان، بی جے پی جنرل سکریٹری راجیو پرتاپ روڈی اور رام کرپال یادو نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا۔