بہار میں جے ڈی یو کا باغیوں کے خلاف سخت موقف : اسپیکر کو مکتوب

پٹنہ۔22جون( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں دو نشستوں پر 18جنتادل (یو) ارکان اسمبلی کی بغاوت اور پارٹی امیدوار کے خلاف ووٹ دیئے جانے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن ارکان اسمبلی نے بھی ڈسپلن کی حد پار کرلی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ‘ ورنہ ڈسپلن شکنی اور غیر طرز عمل مزید بڑھ جائے گا ۔ مانجھی نے کہا کہ وہ ناراض ارکان اسمبلی سے انفرادی ملاقات کرکے اپنا موقف تبدیل کرنے اور پارٹی صفوں میں شامل ہونے کی خواہش کرینگے ۔ اس کے باوجود وہ اپنے موقف پر قائم رہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔اس دوران پارٹی نے چار ارکان کی رکنیت ختم کرنے کی سفارش اسپیکرکو پیش کردی ہے اور مابقی 14کو اپنی روش تبدیل کرنے کیلئے وقت دیا گیا ہے ۔