پٹنہ 25مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن بی ای آر سی نے آج مالی سال 2017-18 کے لئے ٹیرف میں مجموعی طور پر 55 فیصد اضافہ کو منظوری دے دی۔ کمیشن نے یہاں ایک بیان میں کہاکہ نیا برقی ٹیرف یکم اپریل 2017 سے نافذ العمل رہے گا۔ کمیشن نے کوئی سبسیڈی کو ملحوظ رکھے بغیر تقریباً 55 فیصد مجموعی اضافے کو منظوری دی ہے۔ تاہم اگر ریاستی حکومت خط غربت سے نیچے والوں اور دیہی صارفین کے لئے سبسیڈی دیتی ہے، جیسا کہ یادداشت مفاہمت میں اتفاق کیا گیا ہے، تب یہ اضافہ گھٹ کر تقریباً 28 فیصد ہوسکتا ہے۔ کمیشن نے وضاحت کی کہ برقی شرحوں میں اضافہ کرتے ہوئے پڑوسی ریاستوں کی موجودہ ٹیرف شرحوں کا تقابل کیا گیا اور حالیہ برسوں میں شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں برقی اور دیگر خدمات کی سربراہی میں مجموعی بہتری کو بھی ملحوظ رکھا گیا۔ دریں اثناء بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے آج برقی شرحوں میں بہت زیادہ اضافہ پر احتجاج کیا اور ریاستی اسمبلی میں اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر پریم کمار نے برقی شرحوں میں غیرمعمولی اضافہ پر نتیش کمار حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور اس سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔