پٹنہ 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این ڈی اے کی جانب سے بہار میںنشستوں کی تقسیم کا اعلان کئے جانے کے چند گھنٹوں کے اندر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے واضح کیا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کو بہار میں ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ اس موقع پر یادو کے ساتھ آر ایل ایس پی لیڈر اوپیندر کشواہا ‘ ایچ اے ایم کے لیڈر سنتوش مانجھی اور کانگریس لیڈر نریندر کمار بھی موجود تھے ۔ بہار میں آج وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے مکیش ساہنی کو بھی یو پی اے میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ ان قائدین نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر تنقید کی اور انہیں موقع پرست قرار دیا ۔ تاہم ان قائدین نے نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے کچھ بھی اظہار خیال کرنے سے گریز کیا ۔ این ڈی نے آج بہار میں نشستوں کی تقسیم پر یفصلہ کرلیا جس کے تحت جے ڈی یو اور بی جے پی کو فی کس 17 نشستیں اور ایل جے پی کو چھ نشستیں الاٹ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے دہلی میں یہ اعلان کیا ۔ تیجسوی یادو نے جو بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہیں کہا کہ عظیم اتحاد میں ایک اور جماعت بھی شامل ہوگئی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عظیم اتحاد کی طاقت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے اتحاد کو ایک بھی لوک سبھا نشست سے کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ اس سوال پر کہ عظیم اتحاد کی جانب سے نشستوں کی تقسیم کا اعلان کب کیا جائیگا تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم مل بیٹھ کر فیصلہ کرینگے اور اس مسئلہ پر بآسانی فیصلہ ہوجائیگا کہ کس جماعت کو کتنی نشستوں سے مقابلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر اس سے زیادہ کچھ اور نہیں کہنے والے ہیں۔