بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نتیش کمار فکر مند

نئی دہلی۔/27مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج صدر کانگریس سونیاگاندھی سے ملاقات کی اور تہاڑ جیل پہنچ کر انڈین نیشنل لوک دل سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ بہار میں جاریہ سال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر غیر این ڈی اے جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کے طور پر انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ماہ فبروری میں جتن رام مانجھی کو ہٹاکر چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نتیش کمار کا قومی دارالحکومت میں یہ دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر دہلی اروند کیجروال سے خیرسگالی ملاقات کی۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے مشاورت کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنتا پریوار کے انضمام کی کوششوں کے دوران اپوزیشن لیڈروں سے مشاورت کی جارہی ہے کیونکہ حصول اراضیات بل کے مسئلہ پر بیشتر اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئی ہیں اور اتحاد کو برقرار اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

سابق چیف منسٹر ہریانہ اور پرکاش چوٹالہ سے ملاقات کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ INLDسربراہ سابق جنتا پریوار کے سینئر لیڈر ہیں اور ان سے ملاقات کیلئے تہاڑ جیل آئے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ میرے دیرینہ مراسم ہیں تاہم سونیا گاندھی اور نتیش کمار کے درمیان کس نوعیت کی بات چیت ہوئی معلوم نہیں ہوسکا۔ دونوں قائدین نے ایسے وقت ملاقات کی جب کانگریس اور جنتا دل متحدہ کے ساتھ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اراضیات بل کے خلاف سخت گیر موقف اختیار کیا ہے۔ ریاست کیلئے مرکزی فنڈس کی اجرائی کے مسئلہ پر کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیامگاہ پہنچ کر تبادلہ خیال کیا اور ملائم سنگھ یادو سے کہا کہ جنتا پریوار کے انضمام کو منطقی انجام تک پہنچائیں کیونکہ مشترکہ پرچم، مشترکہ انتخابی نشان اور پارٹی قیادت کے مسئلہ پر انضمام کا منصوبہ تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ اوم پرکاش چوتالہ اساتذہ کے تقررات کے اسکام میں ان دنوں سزائے قید کاٹ رہے ہیں

اور ان کی جماعت INLD سابق جنتا پریوار کا ایک حصہ تھی جوکہ منقسم ہوکر علحدہ شناخت قائم کرلی ہے۔ دیگر جماعتوں میں جنتا دل سیکولر، کمل مرارکا کی ایس جے پی اور آر جے ڈی کے علاوہ نتیش کمار کی جنتا دل متحدہ شامل ہیں جنہیں ایک ہی چھتر چھایہ میں متحد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جنتا پریوار کے منقسم گروپس کو متحدکرنے کی کوشش گزشتہ سال اسوقت شروع کی گئی تھی جب ملائم سنگھ یادو نے دیگر 5جماعتوں کے قائدین کیلئے ایک ضیافت کا اہتمام کیا تھا اور ان لیڈروں نے ملائم سنگھ کو انضمام کے طریقہ کار کو قطعیت دینے کا اختیاردیا تھا۔ نتیش کمار جو کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے کٹر ناقد اور اپوزیشن کا ایک کلیدی چہرہ تصور کئے جاتے ہیں اور ان کی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تائید کا اعلان کیا تھا اور ایک بھی امیدوار کو نامزد نہیں کیا تھا۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے نریندر مودی کو امیدوار کی حیثیت سے پیش کئے جانے سے ناراض نتیش کمار نے بی جے پی کے ساتھ 17 سالہ رفاقت ختم کردی تھی اور نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد نتیش کمار نے کل اُن سے پہلی بار ملاقات کی۔