پٹنہ 25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں جنتادل یونائیٹیڈ اور راشٹریہ جنتادل کے سینئر قائدین نے یکساں انداز میں بات کرتے ہوئے اپنی جماعتوں کے انضمام کی وکالت کی اور کہا کہ آئندہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل اپنے تیور دکھانے والی بی جے پی سے نمٹنے کیلئے دونوں جماعتوں کا جلد ایک دوسرے میں انضمام ہونا چاہئے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے جنتا پریوار کی جماعتوں کے انضمام کی کوششیں ہو رہی ہیں اور ان جماعتوں کے قائدین نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کو اس عمل کی نگرانی کا ذمہ سونپا ہے ۔ جنتادل یونائیٹیڈ کے ریاستی صدر بششتا نارائن سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سینئر قائدین نے سر عام دونوں جماعتوں کے انضمام کے عہد کا اظہار کیا ہے اس کے علاوہ جنتا پریوار کی دوسری جماعتوں کے انضمام پر بھی زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس عمل کو اب تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ اب جبکہ بی جے پی نے اپنی کامیابیوں کو جھارکھنڈ تک وسعت دیدی ہے اب جنتا پویوار کی جماعتوں کے قائدین کیلئے اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے انضمام کے عمل کو تیز رفتار کریں۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں اگر جنتادل یونائیٹیڈ اور راشٹریہ جنتادل کا انضمام ہوتا ہے تو دونوں جماعتوں کی ایگزیکیٹیو باڈیز کو اس کی توثیق کرنی ہوتی ہے اور پھر نئی سیاسی جماعت کے قیام کا عمل اس انضمام کے بعد پورا ہوتا ہے ۔ ریاستی جنتادل یو صدر نے کہا کہ انضمام کا عمل جتنا ممکن ہوسکے جلد شروع ہوجائیگا اور یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں جماعتوں آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے سینئر قائدین آئندہ سال جنوری کے ختم تک ان جماعتوں کے انضمام کے عمل کو مکمل کرلینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ راشٹریہ جنتادل کے سینئر لیڈر عبدالباری صدیقی نے بھی اسی انداز میں اظہار خیال کیا اور کہا کہ آر جے ڈی و جے ڈی یو کو جلد از جلد انضمام کے عمل کو قطعیت دینا چاہئے اور کانگریس کو بھی اپنے ساتھ ملا کر بی جے پی سے مقابلہ کیا جانا چاہئے ۔ آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی لیڈر عبدالباری صدیقی نے کہا کہ کانگریس کو بھی ساتھ لینے کے نتیجہ میں بہار میں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش مستحکم ہوگی اور بی جے پی سے مقابلہ کیا جاسکے گا ۔