بہار میں آج ’ریل روکو‘ احتجاج، مسافرین سے سفر نہ کرنے کی اپیل

پٹنہ ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے عوام سے اپیل کی ہیکہ پارٹی کے ’’ریل روکو‘‘ احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر کل ٹرین کے سفر سے اجتناب کیا جائے تو بہتر ہوگا۔ یاد رہے کہ ریاست بہار کو خصوصی درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریل روکو احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ پارٹی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے کہا کہ انہیں افسوس ہیکہ ریل روکو احتجاج کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لہٰذا بہتر یہی ہوگا کہ کل بذریعہ ٹرین سفر نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مسافرین جنہوں نے 28 فبروری کے سفر کیلئے اپنی ٹکٹیں پیشگی طور پر حاصل کرلی ہیں، ان سے اپیل کی جاتی ہیکہ وہ اپنی ٹکٹیں منسوخ کروادیں۔ مودی نے ریلوے حکام سے کہا ہیکہ وہ کل ملک بھر سے بہار آنے والی تمام ٹرینوں کو احتیاطی اقدامات کے طور پر بہار کی سرحد کے قریب روک دیں۔ انہوں نے بہار کو خصوصی درجہ نہ دیئے جانے اور عوام کے مطالبہ کو مسلسل نظرانداز کئے جانے پر یو پی اے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سشیل کمار مودی نے وعدہ کیا کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز کی این ڈی اے حکومت ریاست بہار کو خصوصی درجہ ضرور عطا کرے گی بشرطیکہ مرکز میں این ڈی اے کی حکومت تشکیل ہو۔