بہار سے راجیہ سبھا نشست پر شرد یادو منتخب

پٹنہ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل (یونائٹیڈ) کے صدر شرد یادو آج بہار کی راجیہ سبھا نشست سے متفقہ طور پر منتخب کرلئے گئے، لیکن دیگر دو ریاستوں میں پارٹی کے سرکاری امیدواروں کو بی جے پی اور جے ڈی (یو) کے باغی امیدواروں کی تائید یافتہ امیدواروں سے سخت چیلنج درپیش ہے۔ دیگر دو ریاستوں سے دستبرداری کی قطعی آخری مہلت 3 بجے دن ختم ہوجانے کے بعد اسمبلی سیکریٹری ہرے رام مکھیا نے شرد یادو کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا، جبکہ وہ ایل جے پی کے صدر رام ولاس پاسوان کی مخلوعہ نشست پر مقابلہ کررہے تھے۔

پاسوان لوک سبھا کیلئے منتخب ہوگئے ہیں۔ دیگر 2نشست پر چار امیدواروں مقابلے میں ہیں۔ جے ڈی (یو) کے سرکاری امیدوار سفارت کار سے سیاست داں بننے والے پون ورما اور غلام رسول بلیاوی کو آزاد امیدواروں انیل شرما اور جے ڈی (یو) کے خارج شدہ لیڈر صابر علی سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ دونوں نشستوں کے لئے 19 جون کو رائے دہی ہوگی۔ یہ نشستیں بی جے پی کے راجیو پرتاب روڈی اور جے ڈی (یو) کے استعفیٰ کی وجہ سے مخلوعہ ہیں۔ قبل ازیں دن میں بی جے پی کے رکن اسمبلی جیسوال نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچۂ نامزدگی داخل کیا تھا، لیکن بعدازاں اس سے دستبردار ہوگئے۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جاؤدیکر کو آج مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا رکن منتخب کرلیا گیا۔ نتائج کا اعلان ریاستی اسمبلی کے پرنسپال سکریٹری اور راجیہ ضمنی انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر بھگوان دیو اسرانی نے کیا اور جاؤدیکر کو کامیابی کا سرٹیفکیٹ حوالہ کیا۔