بہار : این ڈی اے حلیفوں میں نشستوں کی تقسیم کا جلد اعلان

امیت شاہ کی صدارت میں اجلاس ۔ انتخابی حکمت عملی پر غور ۔ رام ولاس پاسوان کا بیان
نئی دہلی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے مجوزہ انتخابات میں زیادہ نشستوں کا مطالبہ کرنے کے بعد این ڈی اے کی حلیف جماعتوں نے آج متحدہ چہرہ پیش کرنے کی کوشش کی ۔ این ڈی اے حلیف جماعتوں کا ایک اجلاس بی جے پی صدر امیت شاہ کی صدارت میںمنعقد ہوا جہاں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال نہیں ہوا ۔ ایل جے پی کے سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کو بی جے پی نے میڈیا سے بات کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر امکان ہے کہ اندرون ایک ہفتہ فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر حلیفوں میں کسی اختلاف کی تردید کی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک نشستوں کی تقسیم کا سوال ہے اس کا بہت جلد قابل قبول انداز میں اعلان کیا جائیگا ۔ آج کے اجلاس میں اس پر غور نہیں کیا گیا ۔ ہم نے اپنی مہم کے تعلق سے غور کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ین ڈی اے کو دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ ایل جی پی اور آر ایل ایس پی کے اس مطالبہ کے تعلق سے بی جے پی کو صرف 102 نشستوں پر مقابلہ کرنا چاہئے اور 142نشستیں حلیفوں کیلئے چھوڑنی چاہئیں پاسوان نے ایسی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ این ڈی اے قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مسئلہ پر مختلف قائدین کی جانب سے کوئی بیانات جاری نہیں کئے جائیں گے اور صرف پارٹیوں کے مجاز کردہ قائدین ہی اظہار خیال کرینگے ۔ پٹنہ میں کل منعقد ہوئی آر جے ڈی ۔ جے ڈی یو ریلی کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے پاسوان نے کہا کہ یہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی ہتک تھی کیونکہ انہیںچیف منسٹر بہار نتیش کمار سے قبل تقریر کیلئے کہا گیا تھا ۔ سونیا کے بعد شرد یادو اور لالو پرساد یادو نے تقریر کی تھی ۔ آر ایل ایس پی لیڈر اوپیندر کشواہا نے کہا کہ اس اتحاد کے تما م قائدین ایک آواز میں بات کرینگے ۔ اتحاد کے سامنے اب اصل مسئلہ اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کا ہے ۔ آج کے اجلاس میں این ڈی اے کی جانب سے متحدہ مہم چلانے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں سابق چیف منسٹر جیتن رام مانجھی نے بھی شرکت کی ۔