بہادر پورہ حسن نگر میں پولیس کا کارڈن سرچ آپریشن

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ حسن نگر میں ساؤتھ زون پولیس نے بڑے پیمانے پر کارڈن سرچ آپریشن کرتے ہوئے 11مشتبہ افراد بشمول 8 روڈی شیٹرس کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 350 پولیس عملے پر مشتمل پولیس کی ٹیموں نے ساؤتھ زون کے نئے ڈی سی پی امبر کشور جھا کی زیر نگرانی حسن نگر میںگھر گھر تلاشی مہم کے دوران 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 82 موٹر سیکلیں،3 آٹوز اور ایک کار کو برآمد کرلیا۔ پولیس نے C-DAT ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 8 روڈی شیٹروں کا پتہ لگایا اور انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا۔ کارڈن سرچ آپریشن کے اختتام کے بعد ڈی سی پی ساؤتھ امبر کشور جھا نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے یہ کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کارڈن سرچ آپریشن کے ذریعہ عوام کے درمیان موجود غیر سماجی عناصر کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں آئندہ دنوں بھی جاری رہیں گی تاکہ لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھا جاسکے اور جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔