بہادرپورہ میں دوافراد پرحملہ‘ فرقہ وارانہ کشیدگی

پولیس اسٹیشن پر سکھوں کا مظاہرہ‘ مسلم افراد پر حملہ کا الزام
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) بہادر پورہ علاقہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک معمولی واقعہ کو چندسکھ افرادنے مبینہ طور پرفرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ۔ ذرائع کے بموجب آج شام علاقہ بہادر پورہ میں دو سکھ افراد کو نامعلوم افراد نے اس وقت زدوکوب کیا جب وہ ترکاری خریدنے میں مصروف تھے اس واقعہ میں کشن باغ کا جوگیندر سنگھ زخمی ہوگیا ۔ اس واقعہ کے فوری بعد اس فرقہ سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے علاقہ میں کثیر تعداد میں جمع ہوگئے اور واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مسٹر سروا سریشٹھ ترپاٹھی موقع واردات پر پہنچ گئے اور پر قابو میں کرنے کیلئے بھاری پولیس فور س کو علاقہ میں متعین کردیا ۔ سکھ طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ آ وروں کا تعلق مسلم طبقہ سے ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج کیا اور بعدازاں اس سلسلہ میں دفعہ 307 (اقدام قتل ) کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کرلیا اور ساوتھ زون کے پولیس عہدیدار حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔فرقہ وارانہ فساد خدشہ کے پیش نظر پولیس نے آج رات تمام دکانات کو وقت سے قبل ہی بند کروادیا ۔ مہاراج گنج کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بہادر پورہ پہنچ کر سکھ افراد سے ملاقات کی اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کے لئے پولیس سے مطالبہ کیا۔