بہادرپورہ سے مغویہ کم عمر لڑکی کی اورنگ آباد میں نعش دستیاب

افراد خاندان پر سکتہ طاری، علاقہ میں رنج و غم کی لہر، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /26 اپریل (سیاست نیوز) بہادر پورہ کشن باغ سے اغواء ہونے والی کم عمر لڑکی کی نعش اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن سے دستیاب ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق 24 اپریل کو 14 سالہ صباء بیگم جو محمد سلیم آٹو ڈرائیور کی بیٹی تھی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں لڑکی کے والدین نے پولیس اسٹیشن بہادر پورہ سے تحریری شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس نے اس ضمن میں اغواء کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور لڑکی کی تلاش شروع کردی تھی کہ اسی دوران لڑکی کے والد کو ایک فون کال موصول ہوا جس میں ان کی بچی کی موت واقع ہونے کی اطلاع دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ صباء بیگم کی نعش اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کے پٹریوں پر زخمی حالت میں پائی گئی جس پر ریلوے پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ وہاں کی پولیس نے لڑکی کے ساتھ موجود ایک لڑکے جس کی شناخت جاوید بتائی گئی ہے اور اس کا تعلق ضلع نظام آباد سے بتایا گیا ہے ۔ اغواء ہونے والی بچی کی موت کی اطلاع پر محمد سلیم اور ان کے افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا اور علاقہ میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ۔ اس سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم نے کہا کہ ان کی بچی اچانک لاپتہ ہونے کے نتیجہ میں پولیس بہادر پورہ سے ایک شکایت درج کی گئی تھی لیکن پولیس نے فی الفور کارروائی نہیں کی جس کے نتیجہ میں ان کی بچی کی موت واقع ہوئی ہے ۔ محمد سلیم نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ اگر ان کی بچی کے موبائیل فون کے تفصیلات بروقت حاصل کئے جاتے تو یہ واقعہ پیش نہیں آتا تھا ۔ اس سلسلے میں ربط پیدا کئے جانے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر انجیا نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کام کرے گی اور چونکہ اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ذمہ دار نوجوان کو گرفتار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد کو ایک پولیس کی ٹیم روانہ کردی گئی ہے تاکہ وہاں سے مکمل طور پر تفصیلات حاصل کی جاسکے اور اورنگ آباد کے ریلوے پولیس کی تحویل میں موجود نوجوان کو حیدرآباد منتقل کیا جاسکے ۔