بھینسہ کے مسلم ارکان خاندان سے اظہار تعزیت

محبوب نگر /12 مئی ( فیاکس ) مفتی عبداللہ حامد رشادی ناظم جامعہ تعلیم البنات محبوب نگر اور مولانا محمد نورالدین رشادی امام و خطیب مسجد سعد بن معاذ محلہ رامیا باؤلی نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ گذشتہ دنوں بھینسہ شہر میں دو حقیقی مسلم بھائیوں کے بچوں نے آپسی مخاصمت کو طول دے کر ساری قریبی رشتہ داری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مردوں اور معصوم خواتین کے ساتھ قتل و غارت کا جو وحشیانہ کردار ادا کیا ۔ اس واقعہ پر پوری قوم مسلم کو شرمندہ اور سخت فکر و اضطراب میں ڈال دیا ہے ۔ اس کو چند افراد پر حملہ نہیں بلکہ پوری ملت اسلامیہ اور انسانی ضمیر پر حملہ تصور کرتے ہیں ۔ معلوم ہوا کہ غم و اندوہ کی اس گھڑی سے متاثر ہوکر مسلم برادری کے ساتھ برادران وطن نے بھی شدید مذمت کی اور مرحومین کے جنازہ میں شرکت کرتے ہوئے اظہار ہمدردی اور باہمی یکجہتی کی بہترین مثال قائم کیح ۔ اللہ تعالی مرحومین کی بال بال مغفرت فرماکر جنت الفدوس میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے ( آمین ) امید قوی ہے کہ حکومت کے ارباب مجاز بالخصوص محکمہ پولیس اس واقعہ کا سخت نوٹ لیکر ملزمین کو کیفر کردار تک پہونچانے میں منظم و جرات مندانہ جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ عوام میں اعتماد بحال رہے ۔